منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد بلا امتیاز رنگ ونسل ومذہب تمام انسانوں میں انسانی ہمددری کے جذبہ کو فروغ دینا ہے، امجد علی شاہ

عید قربان کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن غریب اور نادار لوگوں میں گوشت تقسیم کرے گی
لاہور میں کھالیں اکھٹی کرنے کیلئے 300 کیمپ لگائے جائیں گے

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے قیام کا بنیادی مقصد بلا امتیاز رنگ ونسل ومذہب تمام انسانوں میں انسانی ہمددری کے جذبہ کو فروغ دینا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن دکھی، بے سہارااور ضرورت مند افراد کے دکھوں کے مداوا کے لیے سر گرم عمل ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت اسکا بنیادی مقصد ہے۔ اسلام کا فلاحی نظام اسلامی ریاست کے اندر ایک جانور کے بھوکے پیا سے ا ور تکلیف میں رہنے کو گوارا نہیں کرتا۔ اللہ کے نزدیک سب سے پسند یدہ انسان وہ ہے جو اسکی دکھی، غمزدہ اور محروم مخلوق کے کا م آئے۔ اسی وجہ سے اسلام میں حقوق العباد کو فوقیت دی گئی ہے۔ پاکستان بھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والی اجتماعی قربانی کے ساتھ ساتھ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مرکزی قربان گاہ پر ایک ہزار(1000)سے زائد گائیں اور سینکڑوں بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال عید الالضحی پر اکٹھی ہونے والی قربانی کی کھالوں کی آمدنی پاکستان کے مختلف شہروں میں یتیم اور بے سہار ا بچے، بچیوں کی رہائش اور کفالت کے لیے زیر تعمیر فلاحی منصوبہ جات پر خرچ کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے قربان گاہ تیاری کمیٹی کے اجلا س سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احمد معین، خرم شہزاد اور محمد اویس بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات کیلئے عید الاضحی کے موقع پرگھر گھر کھالیں اکھٹی کرنے نکلیں گے۔ دو لاکھ کھالوں کا ہدف حاصل کرنے کیلئے عید کے تینوں روز یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ لاہور میں کھالیں اکھٹی کرنے کیلئے 300 کیمپ لگائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 2005کے زلزلہ میں ماں باپ کے سایہ سے محروم بچوں کی پناہ گاہ " آغوش" کی 500 بچوں کی اقامتی بلڈنگ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ یتیم و بے سہارا بچیوں کیلئے " بیت الزہراہ " کی تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عید قربان کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مہنگائی اور بے روز گاری کے ستائے ہوئے غریب اور نادار لوگوں میں گوشت تقسیم کرے گی۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن اجتماعی شادیاں، پانی کی کمی والے علاقوں میں واٹر پمپس، تعلیمی وظائف، طبی امداد، قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی، ناگہانی حادثات، اور ایمر جنسی میں فرسٹ ایڈ، خون اور ایمبولینس کی فراہمی، امداد بذریعہ بیت المال، منشیات کے خلاف جہاد، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، پائیدار عالمی امن کے قیام کے لیے رواداری کے فروغ جیسے مقاصد کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top