حکمران ملک کو دہشت گردی اور قتل و غارت گری سے نجات دلانے میں ناکام ہوچکے، خرم نواز گنڈاپور

طالبان سے مذاکرات کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے، یہ فقط ڈنگ ٹپاؤ پالیسی ہے
نااہل حکمرانوں کو تخت اقتدار پر نہیں بلکہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہئیے

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے، یہ فقط ڈنگ ٹپاؤ پالیسی ہے۔ قوم کے ساتھ ڈرامہ رچایا جا رہا ہے جس کا نتیجہ صفر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی باتیں کرنے والے بتائیں کہ شرپسندوں کے ساتھ مذاکرات کا ایجنڈا کیا ہوگا کن شرائط پر ہوگا، موجودہ حکمران بزدل اور عقل سے عاری اور حالات سے سمجھوتہ کرنے والے ہیں۔ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی ان کی کوئی صلاحیت نہیں ہے۔ یہ عوام کو غلام در غلام بنانے کی پالیسی پر عمل پیراہیں جسے پاکستان عوامی تحریک کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ہم نظام کی تبدیلی کے لئے تمام محب وطن تبدیلی چاہنے والی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کو تسلیم کرتے ہوئے تبدیلی کے لئے ساتھ نکلنے کی یقین دہانی کروائی ہے جو کہ حوصلہ افزاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی سمیت پورے ملک کے عوام بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، غربت اور مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، لیکن حکمران حالات پر قابو پانے میں ناکام ہوچکے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں عوامی تحریک کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 98 فیصد عوام بھوک، افلاس، جہالت اور عدم تحفظ کاشکار ہیں۔ ملک میں روزانہ درجنوں معصوم شہری دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ کاشکار ہیں۔ شہری اپنے گھروں میں بھی اپنے آپ کوغیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ پورا ملک خوف و ہراس کی لپیٹ میں ہے۔

اس موقع پر فاروق بٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر، راجہ منیر اعجاز، انچارج میڈیا سیل مصطفی خان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، قاری منہاس اور مبشر رندہاوا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خانہ جنگی کی صورت حال ہے اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں اور اپنے فرائض سے غفلت برت رہے ہیں۔

خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ کراچی جو 70 فیصد ریوینیوجنریٹ کرتاہے، وہاں سے انڈسٹری اور سرمایہ منتقل ہو رہا ہے۔ بلوچستان میں بھی علیحدگی پسند اور (Missing Persons) کا کھیل جاری ہے۔ کے پی کے میں ڈرون حملے بند نہیں ہو رہے۔ حکمرانوں نے قوم کو معاشی، سیاسی اور اقتصادی طور پر مفلوج کر دیا ہے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں بھی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ ایسے حالات میں نااہل حکمرانوں کا برسراقتدار رہنے کوکائی جواز نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آئین کے آرٹیکل 38 کے تحت ہرشہری کو روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم اور صحت اور امن و امان، مال اور جان کی حفاظت کی فراہمی کی ذمہ دار ہوتی ہے لیکن حکمران مکمل طور پر ناکام ہیں۔ ایسے حکمرانوں کو تخت اقتدار پر نہیں بلکہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہئیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top