ملک میں افراتفری، لاقانونیت, دہشت گردی اور روزگار کی عدم فراہمی سے لوگ تنگ آکر خود سوزیاں کر رہے ہیں، علامہ افضال احمد قادری
تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ PP-8 کے زیراہتمام عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت مر کزی ناظم دعوت علامہ افضال احمد قادری نے کی۔ یہ تقریب پنجاب کالج آف ایکسیلینس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں امیر تحریک منہاج القرآن ضلع راولپنڈی انار خان گوندل، صدر تحریک منہاج القرآن PP-8 عین الحق بغدادی، سرپرست تحریک منہاج القرآن PP-8 حاجی محمد اقبال قادری، جنرل سیکریٹری پاکستان عوامی تحریک PP-8 سیف الرّحمٰن عطاری، سیف اللہ صدر تحریک منہاج القرآن ٹیکسلا، حاجی محمد رفیق صدر تحریک منہاج القرآن حسن ابدال اور بہت سی سیاسی، علماء و مشائخ، مزدور یونین، طلباء یونین اور انجمن تاجر ان کی شخصیات شامل تھیں۔
علامہ افضال قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ربّ العزت نے انسان کی فلاح وترقی کیلیے جو نظام بنا کر ہمیں دیا ہے۔ اس کو حق کا نظام کہتے ہیں اور اس کے برعکس کوئی بھی نظام ہو گا وہ باطل کا نظام ہوگا۔ حق کے نظام میں اللہ تعالیٰ نے انسان سمیت ہر ذی روح کے معاش اور رہائش کی ذمہ داری اپنے ذمہ لے رکھی ہے جبکہ باطل انسانوں اور حیوانوں سے یہ حق چھین کر اپنے قبضہ میں کر کے اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ازل سے حق وباطل میں جنگ رہی ہے کبھی حق غالب آجاتا ہے۔ لیکن کبھی کبھی حق والوں کی لاپرواہی اور کمزوری کا فائدہ اٹھا کر باطل بھی غالب آجاتا ہے۔ حق والے کبھی بھی باطل نظام کو قبول نہیں کرتے وہ ہمیشہ باطل کے خلاف جد وجہد میں مصروف رہتے ہیں اور باطل نظام کو بچانے کی فکر میں رہتا ہے۔
موسٰی علیہ السلام علیہ السلام اور فرعون، ابراہیم علیہ السلام اور نمرود، سردارانِ قریش، صحابہ اکرام رضی اللہ عنہم اور اہل قریش، ہمارے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ابوجہل، امام حسین علیہ السلام اوریزید لعین کی شکل میں تاریخ میں حق وباطل کی واضح مثالیں موجود ہیں۔ ماضی قریب میں قائد اعظم اور انگریز و ہنود جبکہ آج ڈاکٹر طاہرالقادری بمعہ اسکی تحریک اور پاکستانی حکمران بھی اس کی زندہ مثالیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں باطل قوتوں کا راج ہے کیونکہ ہر ضروریاتِ زندگی کو انسان کی پہنچ سے دور اور مشکل کرنا، انصاف مہیا نہ کرنا، عوامی ویلفئیرکے قوانین نہ بنانا، نہ بنے ہوئے قوانین پر عمل کرانا یہ سب باطل طاغوتی حربے ہیں۔ آج ملک میں افراتفری، لاقانونیت اوردہشت گردی سے لوگ تنگ آ کر خود سوزیاں کر رہے ہیں۔ تمام وسائل پر حکومت کا قبضہ ہوناطاغوتی طاقتوں کے برسرپیکار ہونے کا بڑا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک یہ حق، باطل کے قبضہ سے چھڑانے اور عوام الناّس کو یہ حق دلانے کے لیے باطل طاقتوں کے سامنے سرگرم عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حق والوں کی جماعت تنہا ہوتی ہے اور باطل کی تمام پارٹیاں اور جماعتیں اپنے تمام تر اختلاف کے باوجود ایک ہوکر حق والوں کے مقابلے پر آتی رہی ہیں اور آتی رہیں گی۔ جیسے نمرود نے تمام گروہوں اور ان کے وسائل کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پیش کردہ نظام کے خلاف اکٹھا کر لیا تھا۔
حضرت شعیب علیہ السلام کے خلاف اُن کی قوم کی 9 جماعتیں مقابلے پر آ گئیں، حضرت موسٰی علیہ السلام کے مقابلے میں فرعون جادوگروں سمیت تمام گروہوں کو لے آیا۔ سردارانِ قریش نے ہمارے پیارے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیش کردہ نظام کے خلاف گردو نواح کے تمام قبیلوں اور گروہوں کو جمع کر لیا اور اسی طرح حق کی آواز کو دبانے کے لیے یزید نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے خلاف، انگریزوں نے جمال الدین افغانی کے خلاف اور امریکہ نے صدام کے خلاف ساری دنیا کو اکٹھا کرلیا۔ اب پاکستان میں تمام جماعتیں، وسائل اور ادارے ایک طرف اور دوسری طرف ڈاکٹر طاہرالقادری اور اس کی جماعت تنہا باطل نظام کو ڈی چوک اسلام آباد میں للکار رہی تھی اور تمام جماعتیں اور وسائل اس باطل نظام کو بچانے میں مصروف ہیں لیکن اللہ کا فرمان ہے کہ باطل کو فنا ہی ہونا ہے جبکہ ہمیشہ باقی رہنے والا حق ہی ہے ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
علامہ افضال قادری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حق کے نظام کے نفاذ کے لیے نہ صرف آواز اٹھائی ہے بلکہ اب مکمل تیاری کے ساتھ ایک ہی وار میں باطل کا صفایا کر دینے کا عزم کر رکھا ہے وہ دن دور نہیں جب غریب کو اس کے حقوق ملیں گے اور حق معاش اور حق رہائش ان کو باعزت طور پر دیئے جائیں گے اور تعلیم، صحت، بجلی، پانی، گیس، پٹرول اور دیگر وسائل باطل کے قبضے سے چھڑا کر عوام کے مفاد عامہ کے لیے دیئے جائیں گے۔
تبصرہ