ہالینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کے زیر اہتمام مناسک حج آگاہی پروگرام

یورپ میں پیدا ہونے والی نسل کے لئے دینی تعلیم اوراسلامی معلومات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ ایسی معلومات کی بنیاد پر اس نسل کا تعلق دین اسلام کے ساتھ مزید پختہ اور مضبوط ہوتا ہے۔ بچوں کے لئے اسی اہم ضرورت سے آگاہی حاصل کر نے کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ نے اپنے مرکز میں زیر تعلیم بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ مناسک حج سے متعلق معلومات کے لئے مورخہ 20 جنوری 2014 کو میوزیم کا دورہ کیا۔

میوزیم کی انتظامیہ نے بچوں، ان کے والدین اوراساتذہ کو خوش آمدید کہا، انتظامیہ نے مناسک حج کے لئے ماڈل تیار کئے تھے جہاں بچوں اور بڑوں کو بتایا گیا کہ حج کیسے ادا کیا جاتا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے ڈائریکٹر علامہ احمد رضا نقشبندی نے جملہ وفد کو حج کی اہمیت اور اس کے مناسک کی ادائیگی پر تفصیل سے بریفنگ دی۔ بچوں اور بڑوں نے اس معلوماتی دورہ کو بہت سراہا اور منہاج القرآن کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے اسلام کے اہم بنیادی رکن کے بارے تفصیل اور پریکٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔

میوزیم کے دورہ کے بعد جملہ شرکاء واپس منہاج اسلامک سنٹر پہنچے جہاں ان کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ علامہ احمد رضا نقشبندی نے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یقینا یہ آپ کا دین کے ساتھ لگن کا منہ بولتاثبوت ہے کہ آپ اپنے بچوں کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر بھیجتے ہیں اور ہم آپ کو اس بات کی گارنٹی دیتے ہیں کہ منہاج القرآن بلا تفریق رنگ ونسل ومسلک صرف اور صرف قرآن واحادیث پر مبنی تعلیمات سے مزین کرتے ہیں اور آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ محبت اور ادب کے رشتہ کی تعلیم دی جاتی ہے۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top