کوئی زمانہ فیض مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خالی نہیں: علامہ محمد لطیف مدنی

تحریک منہاج القرآن آلہ آباد کے یونٹ منہاج القرآن رسول پور کے زیراہتمام 30 جنوری 2014ء کو محمد سلیم پاکستانی کے والد گرامی حاجی حافظ محمد منشاء سلیمی کے چہلم کا ختم موضع رسول پور پوہلیکے میں منعقد ہوا۔ جس میں سنئیر نائب ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی مہمان خصوصی تھے۔ اس پروگرام میں منہاج القرآن الہ آباد کے ناظم شیخ ظفر اقبال جنید، منہاج القرآن رسول پور کے قائدین کے علاوہ مقامی علماء و مشائخ بھی موجود تھے، جن میں خطیب اہلسنت پتوکی علامہ محمد رمضان نقشبندی، خطیب اعظم الہ آباد علامہ ڈاکٹر امانت علی اشرفی، خطیب اعظم منڈی احمد آباد علامہ مولانا مدثر امین اور علامہ قاری محمد یاسین بھی شامل تھے۔

رسول پور یونٹ میں منہاج القرآن کے کسی بھی مرکزی رہنماء کا یہ پہلا پروگرام تھا، جس میں سینکڑوں شرکاء موجود تھے۔ جامع مسجد کھجور والی میں پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری محمد صائم عطاری نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ محمد شفیق نے نعت مبارکہ پڑھی۔ محمد لطیف مدنی کے خصوصی خطاب سے پہلے علامہ ڈاکٹر امانت علی اشرفی نے مختصر اظہار خیال کیا۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے سورۃ العصر کو موضوع گفتگو بنا کر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں زمانے کی قسم کھائی ہے، اس لیے زمانے کو برا نہیں کہنا چاہیے بلکہ اچھے برے ہمارے اپنے اعمال ہوتے ہیں۔ جن کے اعمال اعلیِ و اولیِ ہوتے ہیِں، ان کو زمانہ بھی اچھا لگتا ہے اور جن کے اعمال برے ہوتے ہیں، تو وہ زمانے کو برا کہنا شروع کر دیتے ہیں۔ زمانے کو برا کہنے کا عقیدہ درست نہیں، کیونکہ ہر زمانہ مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا زمانہ ہے۔ مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فیض ہر زمانے میں جاری و ساری ہے۔ اللہ تعالیِ نے کوئی لمحہ، کوئی کروٹ اور کوئی ساعت ایسی پیدا نہیں کی جو فیض مصطفیٰ کی مرہون منت نہ ہو۔

علامہ لطیف مدنی نے کہا کہ جس نے دنیا میں مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی تو وہ دنیا میں کامیابی کی منزل کو پا گیا۔ یہی کامیابی روز قیامت اس کی منتظر ہوگی۔ قبر میں معرفت مصطفیٰ کے سوال کا جواب دے کر ہی رہائی ملے گی۔ آج اس دور پر فتن میں منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پیغام مصطفیٰ کو عام کرنے میں مصروف ہیں۔ شیخ الاسلام نظام مصطفیٰ اور پیغام مصطفیٰ کے عملی نفاذ کے لیے اپنا شب و روز ایک کیے ہوئے ہیں، اس مقصد کے لیے وہ ایک کروڑ نمازی تیار کر رہے ہیں۔

پروگرام میں ختم پاک کے بعد علامہ محمد لطیف مدنی نے اختتامی دعا بھی کرائی۔ پتوکی سے حافظ محمد رضوان نقشبندی نے کمپئیرنگ کے فرائض سر انجام دئیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top