پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے 11 مئی کو احتجاجی مظاہروں میں تحریک انصاف کو شرکت کی دعوت
11 مئی جعلی الیکشن کی برسی کا دن ہے، الیکشن کے بعد ساری قوم اضطراب اور مایوسی کا شکار ہے
حکمرانوں نے فوج کا مورال گرا کر دہشت گردوں کا مورال بلند کیا ہے۔ بشارت عزیز جسپال
قوم دھاندلی و پنکچر زدہ نظام کے نتائج لوڈ شیڈنگ، دہشتگردی اور مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں
تحریک انصاف پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی جدوجہد سے 100 فیصد اتفاق کرتی ہے
19 اپریل کو تحریک انصاف کے اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے مظاہروں میں شرکت کا فیصلہ کیا جائیگا۔ اعجاز چوہدری
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات، صحت، تعلیم، روزگار اور تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ارباب اقتدار کے ذاتی کاروبار خوب ترقی کر رہے ہیں۔ 11 مئی جعلی الیکشن کی برسی کا دن ہے۔ 11 مئی کے الیکشن کے بعد ساری قوم اضطراب اور مایوسی کا شکار ہے۔ ہر چھوٹی چھوٹی بات پر سو موٹو لینے والی عدالتوں نے بھی ملک کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والے نام نہاد الیکشن پر کوئی سو موٹو نہیں لیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک اداروں اور قوم میں اتحاد و یگانگت پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان عوامی تحریک 11 مئی کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں پاکستان تحریک انصاف کو شرکت کی دعوت دیتی ہے کہ مل کر قوم کو ڈپریشن اور مایوسی سے نکالیں۔
ان خیالات کا اظہار بشارت عزیز جسپال نے وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹریٹ میں PTI کے صوبائی صدر اعجاز چوہدری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر فیاض وڑائچ، میاں عبد القادر، چوھدری ذوالفقار ایڈووکیٹ، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد، راجہ ندیم، عبد الحفیظ چوہدری و دیگر بھی موجودتھے۔ بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ پاکستانی عوام مسائل کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی ایجنڈے کا ساتھ دے۔ عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے والا واحد راستہ یہ ہے کہ موجودہ نظام انتخاب کو مسترد کر کے سبز انقلاب لایا جائے۔ حکمرانوں نے فوج کا مورال گرا کر دہشت گردوں کا مورال بلند کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ کی طرح محبت اور دعوت دینے میں پہل کی ہے۔ پارٹی کے چیئرمین عمران خان ڈاکٹر طاہر القادری کے خیالات سے اتفاق کرتے ہیں اور نام لے کر کئی بار انکی باتوں کی تائید کر چکے ہیں۔ ملک و قوم دھاندلی و پنکچر زدہ نظام کے نتائج لوڈ شیڈنگ، دہشتگردی، مہنگائی اور بے روزگاری کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی جدوجہد سے 100 فیصد اتفاق کرتی ہے۔ 11 مئی کے حوالے سے دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 19 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے اجلاس طلب کیا ہے جس میں 11 مئی کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے مظاہروں میں شرکت کا فیصلہ اور لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یقیناً پاکستان تحریک انصاف کا جواب مثبت ہو گا اور کوشش ہو گی کہ 11 مئی کو پاکستان تحریک انصاف پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ مل کر احتجاج کرے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کو مل کر مظاہروں کی ایک سیریل چلانا چاہیے جس کے نتیجے میں 62، 63 اور آئین کی دیگر شقوں پر عمل ہو جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک سے باہر ہیں جونہی وہ پاکستان واپس آئیں گے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی قائدین سے ملاقات کریں گے۔
تبصرہ