11 مئی کے احتجاجی مظاہرے انقلاب کی ابتدا ہو گی۔ خرم نواز گنڈاپور

11 مئی کا احتجاج حکومتی کرپشن، بے روزگاری اور دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکامی کے خلاف ہے
تحریک انصاف کو دعوت دی ہے کہ مل کر 11 مئی کو غیر آئینی اور کرپٹ الیکشنز کے نتیجے میں بننے والی حکومت کو مسترد کر دیں
خرم نواز گنڈاپور کا پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ 11 مئی کو ملک گیر عوامی احتجاج کی کال دی ہے۔ 11 مئی کا احتجاج حکومتی کرپشن، بے روزگاری اور دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکامی کے خلاف ہے۔ ایک طرف طالبان جنگ بندی نہیں کر رہے اور دوسری طرف حکومتی ٹولہ ان سے مذاکرات کرنے پر بضد ہے۔ بھارت سے پانی کی تقسیم پر کوئی بات نہیں کی جا رہی اگر پانی کے حوالے سے حالات یہی رہے تو 20 سال میں پاکستان خدانخواستہ تباہ ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید، چوہدری افضل گجر، الطاف رندھاوا، ثناء اللہ اور حاجی اسحق بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کا پاکستان پر اعتماد کا یہ عالم ہے کہ دیگر ممالک کو جس ریٹ پر بانڈز لانچ کئے جاتے ہیں پاکستان کیلئے دوگنا ریٹ رکھا گیا ہے۔ موجودہ حکومت پچھلی حکومت پر ہر معاملہ میں الزام عائد کرتی ہے اور گذشتہ حکمران پارٹی کا کہنا ہے کہ انہیں موقع نہیں ملا تو یہ لوگ قوم کو بتائیں کہ صوبہ پنجاب میں گذشتہ 6 سالوں سے انکی حکومت ہے اور پی پی پی نے پچھلے 5 سال مرکز اور صوبہ سندھ میں حکومت کی۔ ان صوبوں میں انکی کیا کارکردگی ہے؟ 2013ء کے جعلی الیکشن کے خلاف سب سے زیادہ پٹیشنز تحریک انصاف نے جمع کروائی ہیں اگر تبدیلی چاہنے والے سنجیدہ ہیں تو ہمارا ساتھ کیوں نہیں دیتے؟ پاکستان عوامی تحریک نے تحریک انصاف کو دعوت دی ہے کہ مل کر 11 مئی کو اس غیر آئینی اور کرپٹ الیکشنز کے نتیجے میں بننے والی حکومت کو مسترد کر دیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے 23 دسمبر 2013ء کے جلسہ اور اسلام آباد لانگ مارچ نے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک پرامن انقلاب کی جدوجہد کر رہی ہے۔ 11 مئی کے پرامن احتجاجی مظاہرے میں عوام اس کرپٹ، غیر آئینی اور غیر جمہوری حکومت کو مسترد کر دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top