اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم کی شان میں گستاخی براہ راست اسلام پر حملہ ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
توہین اہل بیت کی ناپاک جسارت پر سپریم کورٹ سو موٹو ایکشن لے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم دو ایسے طبقات ہیں جن کی عزت، حرمت، تعظیم و تکریم کرنا بغیرکسی شک و شبہ ہر مومن کے ایمان کا حصہ ہے۔ اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کی تعظیم و تکریم کا مطلقاً انکار کفر ہے کیونکہ یہ احکامات قرآنی کا انکار ہو گا، قرآن مجید نے انکی تعظیم و تکریم امت مسلمہ پر واجب کی ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت نے بھی انکی تعظیم و تکریم کو واجب کیا ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امت مسلمہ کو یہ درس دیا تھا کہ میں تم میں دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں انکو تھام لو یہ ہدایت کی ضمانت ہیں ایک اللہ کی کتاب اور دوسرے میری اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم۔
اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم کی شان میں گستاخی پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہیے۔ اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم کی شان میں گستاخی براہ راست اسلام پر حملہ ہے۔ توہین اہل بیت کی ناپاک جسارت پر سپریم کورٹ سو موٹو ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم موضوع پر ایک تاریخ طے کر کے عوامی عدالت میں سماعت کی جائے۔ اس میں مذہبی طبقات کے ساتھ ساتھ ماڈرن لوگوں کو بھی شامل کیا جائے۔ تمام ٹی وی چینلز کے ایک ایک پروگرام کو بطور نمونہ ڈسکس کیا جائے۔ پھر ان لوگوں کی وسیع تر مشاورت کے بعد انکی آراء لے کر ٹی وی چینلز کیلئے نیشنل کونسل دوبارہ قواعد و ضوابط مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کو نئے سرے سے ترتیب دے کر اس طرح لاگو کیا جائے کہ اس کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس فوری کینسل کر دیے جائیں۔
تبصرہ