بی بی سی اردو: آل پارٹیز کانفرنس میں شہباز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

مورخہ: 29 جون 2014ء

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن لاہور منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں وزیراعلیٰ پنجاب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔مطالبے میں کہا گیا ہے کہ اگر وہ ازخود مستعفی نہ ہوں تو صدر مملکت اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے انھیں عہدے سے ہٹا دیں۔ یہ مشترکہ اعلامیہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پڑھ کر سنایا۔ منہاج القرآن منہاج القرآن کے سیکریٹیریٹ میں ہونے والی اس آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے شرکت نہیں کی جبکہ حکمران مسلم لیگ نون کو اس میں شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی تھی۔

آل پارٹیز کانفرنس کے پانچ نکاتی اعلامیہ میں کہا گیا کہ منہاج القرآن سیکریٹیریٹ کے واقعے پر ہوم سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سمیت تمام پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں کو برطرف کر کے انھیں قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا جائے جیسا کہ کسی بھی شہری کے خلاف کیا جا سکتا ہے۔ رواں ماہ کی 17 جون کو لاہور میں واقع منہاج القرآن کے سیکریٹیریٹ کے قریب پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 97 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ اتوار کو اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ اس واقعے کی تحقیقات سپریم کورٹ کے تین ججوں پر مشتمل کمیشن کرے اور یہ کمیشن ایسے ججوں پر مشتمل ہونا چاہیے جن پر متاثرین کو اعتماد ہو۔

طاہر القادری نے کہا کہ اس کمیشن کو اختیار ہو کہ وہ وزیراعظم، وفاقی وزرا، وزیر اعلیٰ سمیت سب کو انکوائری کے لیے طلب کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس واقعے کی انکوائری اور تفتیش کے لیے وفاقی تحقیقاتی اداروں کے اعلیٰ سطح کے افسران پر مشتمل ایک ایسی ٹیم بنائے جس پر متاثرین ماڈل ٹاؤن کا پورا اعتماد ہو۔ اس آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ قاف کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی، ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سمیت 40 کے قریب چھوٹی بڑی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 17 جون کو پولیس نے براہ راست فائرنگ کر کے ان کے 14 کارکنوں کو ہلاک اور 125 کو زخمی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس آپریشن ایسی حفاظتی رکاوٹوں کو ہٹانے کی آڑ میں کیا گیا جو رکاوٹیں ہائی کورٹ کے حکم پر خود پولیس نے لگائی تھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمہ کی اس ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے جس کی درخواست متاثرین ماڈل ٹاؤن نے دی تھی۔

مسلم لیگ قاف کے رہنما چودھری شجاعت حسین نےکہا کہ ذمہ داروں کو سزا نہ ملی تو کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا ریاستی دہشت گردی چلتی رہے گی اور کوئی اسے روک نہیں پائے گا۔

ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی موجودگی میں آزادانہ تحقیقات ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والوں کو سزا نہ دی گئی تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔

تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متاثرہ فریق کے عدم اعتماد کے بعد اس جوڈیشل کمیشن کے کام کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا جو حکومت نے قائم کیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کسی منصوبہ بندی کے بغیر ہوا ان کی عقل پر ماتم کرنے کو دل چاہتا ہے۔

Source: http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/06/140629

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top