اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے، امت مسلمہ کے حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں۔ خرم نواز گنڈاپور

اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی غیر فعال ہو چکی ہے، اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام۔ خرم نواز گنڈاپور

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے حکمران اپنی غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین پر ہونے والے مظالم بند کروانے کے لئے واضح، ٹھوس اور مضبوط لائحہ عمل اختیار کرے۔ عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں، عالمی انصاف کے دعویدار ادارے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی مسلمانوں پر کی جانے والی بربریت اور مظالم کا سلسلہ بند کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ فلسطین میں جاری بربریت، جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم او آئی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ OIC جن مقاصد کے لئے بنائی گئی، ان مقاصد کے حصول میں ناکامی پر OIC غیر فعال ہو کر اپنا اعتماد کھو چکی ہے، مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بنائی گئی، 56 اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم بدقسمتی سے امت مسلمہ کے حقوق کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی۔ اقوام متحدہ بھی بڑی طاقتوں کے ہاتھوں میں کھلونا بن چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران اور عوامی انقلاب کونسلز کے سربراہان کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انصار ملک، ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، مصطفی خان، غلام علی خان، عرفان طاہر، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز، سفیان صابر، عثمان بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بربریت سے اب تک شہید ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ یا برطانیہ کا ایک شہری بھی کسی وجہ سے مارا جائے تو پوری دنیا میں واویلہ مچ جاتا ہے، فلسطینی مسلمانوں، خواتین، بچوں، بوڑھوں پر ظلم کی انتہا کردی گئی۔ عالمی امن کے دعویدار ادارے، انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو حکمران اپنے ملک کے پرامن شہریوں کو رات کی تاریکی میں گولیوں سے چھلنی کر کے مقدمہ بھی درج نہیں ہونے دیتے وہ فلسطین میں ہونے والے مظالم پر کیا کردار ادا کریں گے۔ حکمران اسرائیل کے پیروکار ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top