جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

یوم انقلاب کے دن کرپٹ نظام کے محافظین کی منزل جدہ نہیں جیل ہو گی
حقیقی جمہوریت کا قیام کڑے احتساب اور اصلاحات کے بعد ہو گا
انقلاب کے بعد حقیقی عوامی اقتدار قائم ہو گا
منڈی بہاؤ الدین سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، یوم انقلاب کے دن کرپٹ نظام کے محافظین کی منزل جدہ نہیں جیل ہو گی۔ وقت بتائے گا کہ یوم انقلاب والے دن چند ہزار نکلتے ہیں یا کروڑوں۔ جعلی مینڈیٹ کو کیسے تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ حکمران آئین کے عوامی آرٹیکلز 3 سے 38 پر عمل نہ کر کے حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ دہشت گردوں کو تحفظ دینے والے حکمرانوں نے پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا تھا اگر فوج بروقت آپریشن کا فیصلہ نہ کرتی تو مٹھی بھر دہشت گرد ریاست پر مسلط ہو جاتے۔ مذاکرات کے نام پر ایک سال تک وزیر اعظم نے آپریشن کو روکے رکھا۔ مقتدر طبقہ آئین پاکستان کا مذاق اڑا رہا ہے۔ آئین اور عوام کی حکمرانی کیلئے انقلاب کی کال جلد آنے والی ہے۔ نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنے والے خاندانوں کے جیل جانے کا وقت قریب آ گیا ہے۔ حقیقی جمہوریت کا قیام کڑے احتساب اور اصلاحات کے بعد ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں گجرات اور منڈی بہاؤ الدین سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے مشاورتی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین، رحیق عباسی، شیخ زاہد فیاض و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب کے بعد حقیقی عوامی اقتدار قائم ہو گا اور موجودہ کرپٹ نظام کے ذریعے سے تجوریاں بھرنے والوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائیگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب 20 کروڑ عوام کو اقتدار میں شریک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم انقلاب کی تاریخ کے اعلان کے بعد دنیا کی کوئی طاقت اسے بدل نہیں سکتی۔ عوام پاکستان میری کال کا انتظار کریں، کال کے بعد وہ گھروں میں نہ بیٹھیں بلکہ نکل کر میرے ساتھ اس ملک سے ہمیشہ کیلئے استحصال پر مبنی جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کو ختم کر دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top