نوجوان اور طلبہ انقلاب کے بعد ہراول دستے کا کردار ادا کرینگے۔ قاسم مرزا

طلبہ نے جس طرح قائد اعظم کی قیادت میں پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا آج پاکستان کو بچانے میں بھی کردار ادا کریں
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تحت مختلف کالجزاور یونیورسٹیز کے طلبہ سے خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاسم مرزا نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو متحد کرنے کیلئے ایک دیانتدار، اہل اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے جو مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف عالمی برادری کو یکجا کر سکے۔ بحمد تعالی ہمیں ڈاکٹر طاہرالقادری کی صورت میں ایسی قیادت تو مل چکی ہے، جو پاکستان میں انقلاب لانے کے بعد پوری امت کو منظم کرنے کا ارادہ، صلاحیت اور اہلیت رکھتی ہے۔ اب ہم سب پر خصوصا نوجوانوں پر فرض ہے کہ ملک کو اسلامی، فلاحی ریاست بنانے اور کرپشن سے پاک ملک بنانے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دست و بازو بن کر مصطفوی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ایس ایم کے طلبہ اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سعید نیازی، نعمان احمد، ندیم احمد، طلحہ بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب کی کال آنے والی ہے نوجوان تیار رہیں۔ نوجوان اور طلبہ مصطفوی انقلاب کا ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اس وقت عالم اسلام میں وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اسلام کے امن و محبت کے آفاقی پیغام کو دنیا بھر کی یونیورسٹیوں، اسمبلیوں، عالمی فورمز اور عالمی سطح پر ہونے والے سیمیناروں میں موثر انداز میں پہنچایا ہے اور انہوں نے پوری دنیا پر یہ بات واضح کر دی ہے کہ اسلام دہشت گردی کا سب سے بڑا مخالف ہے اور دہشت گردی خواہ کسی بھی شکل میں ہو اس کی مذمت کرتا ہے۔ اسلام امن، محبت، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ انقلاب کے بعد پاکستان تیسری دنیا کے ملکوں کو لیڈ کریگا۔ کرپٹ بیورو کریسی اور پولیس کوبرطرف کر کے ہر شعبے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو عہدے دیے جائیں گے۔ نوجوان اور طلبہ انقلاب کے بعد ہر اول دستے کا کردار ادا کرینگے۔ طلبہ نے جس طرح قائد اعظم کی قیادت میں پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا آج پاکستان کو بچانے میں بھی کردار ادا کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top