نام نہاد وزیر قانون کی پریس کانفرنس جعلی حکومت کے مذموم عزائم کی خبر دے رہی ہے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 04 اگست 2014ء

رانا مشہود نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے وہ منسوب کیا جو انہوں نے نہیں کہا
10 اگست یوم شہداء پر پوری قوم ایک پیج پر نظر آئے گی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے رانا مشہود کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے نام نہاد وزیر قانون کی پریس کانفرنس جعلی حکومت کے مذموم عزائم کی خبر دے رہی ہے۔ جھوٹ بولنے کے چیمپئن رانا مشہود نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے وہ منسوب کیا جو انہوں نے نہیں کہا۔ ساری قوم نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو براہ راست سنا جس میں انہوں نے پولیس والوں کے اہل خانہ کی عزت و تکریم بر قرار رکھنے کا حکم دیا۔ شریف برادران کے ٹکڑوں پر پلنے والے مکر و فریب کی چالیں چلنا چھوڑ دیں، جھوٹ بولنے اور قوم کو گمراہ کرنے سے باز رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک میڈیا سیل کے انچارج مصطفی خان سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ انتخابات میں قوم کو سبز باغ دکھا کر ووٹ لینے والوں کا مکروہ چہرہ پوری قوم دیکھ چکی ہے۔ ڈیڑہ سال کا عرصہ ہو جانے کے باوجود غریب عوام کے لئے کوئی ریلیف نہ دینا حکمرانوں کی عوام دشمنی واضح ہو چکی ہے۔ حکمران فقط اپنے اور اپنے خاندان کے مفادات کے تحفظ کے لئے برسراقتدار آتے ہیں۔ غریب عوام ان کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں ہیں۔ انقلاب ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ عنقریب ملک لوٹنے اور غریب عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔ 10 اگست یوم شہداء پر پوری قوم ایک پیج پر نظر آئے گی۔ یوم شہداء پر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار حکمران ہوں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top