انقلاب عوام کا ایجنڈہ ہے جبکہ مڈ ٹرم سیاستدانوں کا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
یکم ستمبر کو نواز شریف وزیر اعظم نہیں رہیں گے
ہماری تحریک پر امن ہے، تشدد ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی عہدیداران سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ انقلاب عوام کا ایجنڈا ہے جبکہ مڈ ٹرم الیکشن سیاستدانوں کا، یکم ستمبر کو نواز شریف وزیر اعظم نہیں رہیں گے۔ ہماری تحریک پر امن ہے ہم تشدد، ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمارا فلسفہ سیاست عدم تشدد پر مبنی ہے اور ہماری 32 سالہ تحریکی و سیاسی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہمارے کارکنوں نے کبھی کسی کو پتھر تک نہیں مارا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی عہدیداران سے دوران اجلاس خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، خرم نواز گنڈا پور، شیخ زاہد فیاض، جواد حامد، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، قاضی فیض، افتخار شاہ بخاری، عین الحق، سہیل رضا، تنویر احمد خان و دیگر بھی شامل تھے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قاتل حکمرانوں نے 14 لاشیں گرائیں اور 100 کو گولیاں مار کر زخمی کیا مگر لواحقین اور انکے ورثاء کی ایف آئی آر تک نہیں کٹنے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ایلیٹ فورس کے انچارج عبد الرؤف نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ ایس ایم جی کے 419 اور جی تھری کے 59 فائر کئے گئے۔ میڈیا نے جن قاتلوں کی شناخت کرائی ہے حکمرانوں نے انکو حراست میں لے کر SHO شیخ عاصم اور انسپکٹر ریاض بابر کو بیرون ملک فرار کرا دیا ہے جس سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا ملوث ہونا ثابت ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات اس وقت تک ممکن نہیں جب تک 29 جون کو ہونے والی APC کے 5 نکات پر عمل نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سارا دھیان پہلے مقدمہ لاہور پر ہے جس کیلئے 10 اگست کو یوم شہدا ء میں عوام جوق در جوق شہداء کے چہلم میں شریک ہونگے۔ تمام لوگ قرآن پاک، تسبیح اور جائے نماز ساتھ لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قاتل حکمرانوں کے کہنے پر جو پولیس والا بد معاشی کرے، دہشت گردی کرے، قانون اور آئین کو پامال کرے ایسے پولیس والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور ایسے پولیس افسروں اور اہلکاروں کی فہرستیں بنانا شروع کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور نہ ہی غریبوں کو حقوق ملیں گے۔ نواز شریف کے پاس قوم کی لوٹی ہوئی اتنی دولت ہے کہ وہ ایسے دس الیکشن خرید سکتے ہیں وہ دوباری سیاسی شہید بن کر رگنگ کے ذریعے پلٹ کر قوم پر پھر مسلط ہو جائیں گے۔
تبصرہ