پاکستان سرائیکی لیگ اور پاکستان سرائیکی قومی موومنٹ کی پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت

مورخہ: 06 اگست 2014ء

مخدوم پیر معین الدین قریشی اور مخدوم عدیل پیر زادہ کی ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات

پاکستان سرائیکی لیگ اور پاکستان سرائیکی موومنٹ نے پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان سرائیکی لیگ کے چیئرمین مخدوم معین الرحیم قریشی الہاشمی (سہروردی) اور پاکستان سرائیکی قومی موومنٹ کے چیئرمین مخدوم عدیل پیر زادہ نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے باقاعدہ طور پر اپنے تمام کارکنوں اور تنظیمات سمیت پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم سفر انقلاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ اس موقع پر پاکستان سرائیکی قومی موومنٹ کی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر میمونہ ناز اور دیگر عہدیداران کے علاوہ پاکستان عوامی تحریک بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، راجہ زاہد محمود، قاضی فیض، افتخار شاہ بخاری، عبد الحفیظ چوہدری، عین الحق بغدادی و دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم پیر معین الدین اور مخدوم عدیل پیر زادہ نے کہا کہ وقت کے حکمران یزیدی اور فرعونی خصلت کے ہیں جو کروڑوں عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ آج قانون کی حکمرانی ہے نہ بالادستی۔ بلکہ خواتین کی چادر اور چار دیواری کے تحفظ کے تقدس کو بھی پامال کر دیا ہے اور سرائیکستان کے بے بس، بے کس اور مجبور عوام اس انقلاب کے سفر میں ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر میمونہ ناز نے کہا کہ استحکام پاکستان کیلئے صوبہ سرائیکستان کا قیام ضروری ہے۔ جنوبی پنجاب کا 65 فیصد ریونیو رائے ونڈ محلات پر لگایا جا رہا ہے انکو جنگلہ بس کے علاوہ کچھ نہیں سوجتا۔ قوم پانی، روٹی، کپڑا، تعلیم اور صحت کی سہولیات سے محروم ہے اور جاتی امراء کے حکمران صرف کمیشن، کک بیکس اور پارٹنر شپ کی بنیاد پر میٹرو جنگلہ بس بنا کر یہ سمجھتے ہیں کہ اسی میں پاکستان کی ترقی ہے۔ یہ نالائق، چور اور کرپٹ حکمران اب مقدس ایوانوں میں نہیں رہیں گے، عوام انکا محاسبہ کر کے انہیں انکے اصل ٹھکانے جیل بھجوا دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top