مسلم کانفرنس انقلاب مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی۔ سردار عتیق احمد خان

مورخہ: 11 اگست 2014ء

حکمران ملکی معیشت کو نہیں بلکہ اپنی معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں
نظام کی تبدیلی کے لئے پوری قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے
پاکستان کا نظام کینسر زدہ ہو چکا ہے، نظام کی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے
انقلاب مارچ اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کی حمایت پر سردار عتیق احمد خان اور ان کی جماعت کے مشکور ہیں

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد نے کہا ہے کہ قوم بہت قربانیاں دے چکی ہے۔ مساجد، سکول، امام بارگاہیں، بازاروں مارکیٹوں میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے باعث قوم نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ اب وی آئی پی قربانی کی ضرورت ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کو جانا ہوگا، انہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ حکمران ملکی معیشت کو نہیں بلکہ اپنی معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب کی کال دے کر قوم میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ انقلاب مارچ میں شرکت کر کے حقیقی تبدیلی کے لئے قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان، احمد نواز انجم، غلام علی خان اور قاری منہاس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نظام کینسر زدہ ہو چکا ہے، نظام کی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے لاکھوں افراد انقلاب مارچ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے مشائخ و علماء کرام بڑی تعداد میں انقلاب مارچ میں شرکت کریں گے۔ مسلم کانفرنس انقلاب مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی۔ اس موقع پر سردار منصور خان اور احمدنواز انجم نے انقلاب مارچ اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کی حمایت پر سردار عتیق احمد خان اور ان کی جماعت کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top