وفاقی وزیر داخلہ کا واقعہ پر بیان شہباز حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، ڈاکٹر رحیق عباسی

پنجاب حکومت کو ڈاکیے کا کردار ادا کرنے کی بجائے دہشت گردوں کو پناہ گاہ کے اندر پکڑنا چاہیے تھا
افسوس صوبائی حکومت معاملے کی سنگینی کا احساس کرنے کی بجائے رشوت خور تھانے داروں کی طرح حد بندی پر جھگڑ رہی ہے
دہشت گرد اپنی غیر انسانی حرکتوں سے پاکستان کے جرات مند عوام کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے صوبائی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو اطلاعات موصول کر کے آگے بھجوانے کے حوالے سے ڈاکیے کا کردار ادا کرنے کی بجائے دہشت گردوں کو پناہ گاہ کے اندر پکڑنا چاہیے تھا۔ افسوس صوبائی حکومت واقعہ کی سنگینی کا احساس کرنے کی بجائے رشوت خور تھانے داروں کی طرح حد بندی پر جھگڑ رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا واقعہ پر بیان شہباز حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ انتہا پسند اور دہشت گرد اپنی غیر انسانی حرکتوں سے پاکستان کے جرات مند عوام کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے۔ لاہور واہگہ بارڈر پر پاکستان کے عوام اور رینجرزنے پہلے سے زیادہ جوش و جذبہ کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب منعقد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایک دلیر قوم ہیں اور ہم کسی اندرونی اور بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے جتنی قربانیاں دیں شاید ہی کسی ملک نے دی ہوں۔ سویلین اور افواج پاکستان کے جوانوں نے اقوام عالم کے امن کیلئے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، باقی ماندہ مٹھی بھر بھی جلد اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top