کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلا نے کے وحشیانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں، ڈاکٹررحیق احمد عباسی

پنجاب حکومت سانحہ میں ملوث افراد کے خلاف عدالتی کارروائی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے، سہیل احمدرضا

لاہور (05 نومبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ کوٹ رادھا کشن میں محنت کش مزدور میاں بیوی پر اندوہناک ظلم کے بعد انہیں زندہ جلا دینے کے وحشیانہ اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، یہ انسانیت کے خلاف انتہائی سفاکانہ فعل ہے۔ یہ غیر انسانی اور غیر اسلامی کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پنجاب حکومت کی کھلی ناکامی ہے۔ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ بھی دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔ سانحہ واہگہ بارڈر میں عام شہریوں کی بڑی تعداد میں ہلاکت جیسے واقعات بیرونی دنیا میں پاکستان کے خطرناک ترین ملک کے امیج کو اور پختہ کر رہے ہیں جو یقیناًبطور قوم ہمارے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا تسلسل پاکستان کے وجود کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے جسکی طرف مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی توجہ نہیں ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہاکہ آئین پاکستان غیر مسلموں کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے ایسے واقعات آئین پاکستان کے خلاف کھلا حملہ ہیں۔ حکومت وقت پابند ہے کہ آئین اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور کڑوے فیصلے کر ے۔ مصلحت کی ان دیکھی زنجیروں نے حکومتی اداروں کے آہنی ہاتھوں کو جکڑ رکھا ہے۔ نواز حکومت میں ہمیشہ مذہبی اقلیتوں پر اس طرح کے مظالم ڈھائے جاتے رہے ہیں۔ پولیس کی موجودگی میں یہ سفاکانہ فعل اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پورے ملک میں حکومتی رٹ کا کہیں وجود بھی دکھائی نہیں دے رہا۔

پاکستان عوامی تحریک انٹر فیتھ ریلیشنز کے سیکرٹری سہیل احمد رضا نے سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں ہم پاکستان کی مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروا کر افسوسناک سانحہ میں میں ملوث افراد کے خلاف عدالتی کارروائی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔ مسیحی رہنماؤں جے سالک، بشپ اکرم گل، ڈاکٹر جیمز چنن اور پوری مسیحی برادری کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ان کے بنیادی حقوق جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top