پولیو ورکرز پر حملے وفاقی اور صوبائی حکومت کی نااہلی ہے: پاکستان عوامی تحریک
قرضہ کے عوض بچیوں کو فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے
لاہور (26 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال اور جنرل سیکرٹری فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر حملہ اور 4شہریوں کی اموات وفاقی اور صوبائی حکومت کی نااہلی ہے، پولیو ورکرز پر حملے آئندہ نسلوں پر حملے ہیں، یہ ناپاک کارروائیاں کرنے والے دہشتگرد اور صحت عامہ کے دشمن ہیں، ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے، انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں برح طرح ناکام ہو گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیو کے پھیلاؤ کے حوالہ سے پاکستان دنیا کے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے اور پاکستان کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد ہو چکی ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ حکمران خود ہیں جو پولیو ورکرز پر حملے کرنے والوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور اس حوالے سے ضروری اقدامات نہیں کررہے، رہنماؤں نے سندھ میں 24 بچیوں کی قرضہ کے عوض فروخت کے انسانیت سوز واقعہ پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انصاف، قانون نام کی کوئی چیز ہوتی تو انسانیت سوز واقعات دیکھنے کو نہ ملتے، رہنماؤں نے مذکورہ واقعہ میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
تبصرہ