موجودہ حکمرانوں کی ترجیح انسان نہیں پل اور سڑکیں ہیں: راضیہ نوید

لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل نہ کرنے والے حکمران مسلسل عدالت کی توہین کر رہے ہیں
سرگودھا میں بچوں کی اموات کا مقدمہ وزیراعلیٰ اور سیکرٹری ہیلتھ کے خلاف درج ہونا چاہیے

پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی صدر راضیہ نوید نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل نہ کر کے مسلسل توہین عدالت کر رہی ہیں، سپریم کورٹ کی طرف سے مستقل کیے جانے کی بار بار ہدایات کے باوجود حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ناانصافی کرنے والے حکمران در حقیقت کروڑوں ماؤں اور بچوں کی صحت کے حوالے سے مجرمانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، معاشی مسائل کا شکار لیڈی ہیلتھ ورکرز پوری توجہ کے ساتھ اپنے فرائض کیسے انجام دے سکتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کیا جائے اور ان سے رشوت مانگنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

راضیہ نوید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ فنڈز کی کمی کے باعث ڈسٹرکٹ ہسپتال سرگودھا میں ضروری سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں اور بچوں کی اموات ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اعتراض کے بعد بچوں کی اموات کا مقدمہ وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری صحت کے خلاف درج ہونا چاہیے، حکمرانوں کی ترجیح انسان نہیں پل اور سڑکیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی انقلابی تحریک اس انسان دشمن نظام کو بدلنے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ پاکستان عوامی تحریک اس ظلم اور ناانصافی پر مبنی نظام کو بدلے گی اور ہر حقدار کا اس کے گھر کی دہلیز تک حق پہنچائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top