منہاج القرآن کے اندر سے فائرنگ کرنے کا الزام انتہائی شرمناک ہے: ترجمان پاکستان عوامی تحریک

حکومتی چالان میں اصل حقائق بدنیتی کی بناء پر مسخ کیے گئے، چالان میں سربراہ عوامی تحریک کے متعلق لغو الزام تراشی کی گئی
اندر سے فائرنگ کی فوٹیج سرکاری ٹی وی بھی آج تک پیش نہیں کر سکا، حکمران غیر جانبدار جے آئی ٹی کیوں نہیں بناتے؟

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے ایک بار پھر حکومتی چالان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج القرآن کے اندر سے فائرنگ کرنے کا الزام انتہائی شر انگیز ہے، حکومتی چالان میں بدنیتی کی بنا پر اصل حقائق مسخ کیے گئے، سربراہ عوامی تحریک کے متعلق چالان میں من گھڑت اور لغو الزام تراشی کی گئی جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اندر سے فائرنگ کی فوٹیج سرکاری ٹی وی بھی آج تک پیش نہیں کر سکا، حکمرانوں کا دامن صاف ہے تو غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل کیوں نہیں بنا دیتے؟ انہوں نے کہا کہ تمام الیکٹرانک میڈیا نے سانحہ ماڈل ٹاؤن آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ فوٹیج دکھائی اور کوئی ایک بھی ایسی فوٹیج نہیں جس میں منہاج القرآن کے اندر سے فائرنگ ہوتے دکھائی گئی ہو۔

ترجمان نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک کے کسی مبینہ ویڈیو خطاب کو اشتعال انگیزی کا سبب قرار دینا بھی انتہائی شرانگیز اور شرمناک ہے، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ امن اور صبر کی تلقین کی اور کبھی بھی قانون ہاتھ میں لینے کی بات نہیں کی، 70 دن کا دھرنا اور ملک گیر جلسے ان کی امن پسندی کے گواہ ہیں، اس حوالے سے یکطرفہ حکومتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار میڈیا نے پولیس کو براہ راست فائرنگ کرتے اور لاشیں گراتے دکھایا اس کے باوجود الٹا عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنان کو چالان میں ملزم قرار دینا انصاف کا خون اور حکومت کی ایک اور دہشتگردی ہے، ترجمان نے کہا کہ 14 بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا بلآخر حکمرانوں کو اس کا حساب دینا پڑے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top