غربت اور بیرونی قرضوں میں اضافہ کی بڑی وجہ وی آئی پی حکمران ہیں، پاکستان عوامی تحریک

غیر ملکی دوروں پر 30کروڑ خرچ کرنے والے وزیر اعظم بتائیں اس سے ملک کا کیا فائدہ ہوا؟
ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلاب سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہو گا، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، عامر فرید‎

لاہور (30 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، عامر فرید کوریجہ نے وزیر اعظم پاکستان کے پر تعیش غیر ملکی دوروں پر کروڑوں کے اخراجات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 50 فی صد آبادی انتہا ئی کی غریب اور 80فی صد شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور وزیر اعظم پاکستان نے ایک سال میں 30کروڑ روپے غیر ملکی دوروں پر اڑا دئیے، وزیر اعظم بتائیں ان غیر ملکی دوروں سے پاکستان کو کیا فائدہ پہنچا؟عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کا بھارتی وزیر اعظم مودی سے مصافحہ قومی خزانے کو دو کروڑ روپے میں پڑا۔ وزیر اعظم پاکستان اور ان کے وفد میں شامل وزراء یاد رکھیں کہ بیرونی دوروں پر خرچ ہونے والی پائی پائی عوام کے خون پسینے کی کمائی کے جمع شدہ ٹیکسوں سے ادا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب وی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر دے گا۔ انقلاب کے بعد خزانے کی پائی پائی کی حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور بیوروکریسی حقیقی معنوں میں سادگی اختیار کر لیں تو پاکستان کو بیرونی قرضے لینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ رہنماؤں نے کہا کہ پارلیمنٹ وزیر اعظم کے بیرونی دوروں پر ہونے والے 30کروڑ روپے کے اخراجات کا وزیر اعظم سے حساب مانگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top