ڈاکٹر طاہرالقادری آج صبح 9:35 پر علاج کیلئے امریکہ روانہ ہونگے

‎5 ڈاکٹرز کے پینل نے تفصیلی معائنہ کے بعد فوری علاج کیلئے کہا، ڈاکٹر ہمراہ ہونگے
سربراہ عوامی تحریک ایمریٹس ائیر لائن کی فلائٹ نمبر‎ EK-625 پر براستہ دوبئی ہیوسٹن پہنچیں گے‎
ڈاکٹر طاہرالقادری صبح 5بجے اپنی رہائش گاہ سے لاہور ائر پورٹ کیلئے روانہ ہونگے

لاہور (02 دسمبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری آج (3 دسمبر) 9 بج کر 35 منٹ پرعلاج کیلئے امریکہ روانہ ہونگے، امریکی معالج ڈاکٹر ایم ایم منصور ان کے ہمراہ جائیں گے۔ سربراہ عوامی تحریک ایمریٹس ائیر لائن کی فلائیٹ نمبر‎ EK 625 پر براستہ دوبئی ہیوسٹن جائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کے مطابق سربراہ عوامی تحریک علی الصبح 5بجے اپنی رہائش گاہ سے لاہور ائر پورٹ کیلئے روانہ ہونگے۔ 6بجے سے پہلے لاہور ائر پورٹ پہنچیں گے۔ فلائٹ9بج کر 35 پر روانہ ہو گی۔ 5رکنی ڈاکٹرز کے پینل نے گزشتہ روز 10بجے دوپہر 2بجے تک ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز نے رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاج شروع کرنے میں مزید تاخیر سے پیچیدگیاں پیدا ہونگی۔ ڈاکٹرز کی حتمی رائے آنے کے بعد سربراہ عوامی تحریک کی امریکہ روانگی کے ہنگامی طور پر انتظامات کئے گئے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل کے مطابق حال ہی میں امریکہ کے تنظیمی دورہ کے دوران انہیں دل کی تکلیف محسوس ہوئی۔ ہیوسٹن میں معائنہ کے دوران ڈاکٹرز نے انجیو گرافی اور ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا مگر ڈاکٹر طاہرالقادری کا موقف تھا کہ میں پاکستان میں اپنے ورکرز اور عوام کو کمٹمنٹ دیکر آیا ہوں لہذا میں ہر حال میں وعدہ کے مطابق واپس جاؤنگا اور پروگرام کے مطابق جلسے اور دھرنے منعقد ہونگے، تاہم دورہ بھکر کے دوران انہیں دل کی شدید تکلیف ہوئی، ابتدائی طبی امداد کے باوجود ان کی طبیعت نہیں سنبھلی اور مسلسل کوشش کے باوجود انکا بلڈ پریشر نارمل نہ ہو سکا، پھر انکے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر، ڈاکٹر ایم ایم منصور کو ہنگامی طور پر امریکہ سے لاہور بلوایا گیا، انہوں نے تفصیلی معائنہ کے بعد فوری علاج شروع کرنے کاکہا کیونکہ انکی رپورٹس نارمل نہیں پائی گئیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر حسن محی الدین اور ڈاکٹر حسین محی الدین نے کارکنان، قوم اور احباب سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی درخواست کی اور کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری علاج کے بعد اپنے کارکنان کے درمیان موجود ہونگے اور انقلاب کے قافلے کو منزل مقصود تک پہنچائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری‎ Ejection Fraction کے مرض میں مبتلا ہیں، وہ علاج مکمل ہونے کے فوری بعد پاکستان آئیں گے، ترجمان نے ایک بار پھر حکومت کی طرف سے ائیر ایمبولینس کی پیشکش کی خبروں کی سختی سے تردید کی۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top