سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جے آئی ٹی وزیر اعلیٰ پنجاب کی مرضی کی بنی۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب

صوبائی وزیر جھوٹ بول کر اپنی قبر کالی مت کریں، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا
ایسی جے آئی ٹی کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے جس میں شہداء کے لواحقین کی رضا مندی شامل نہ ہو
صوبائی صدر بشارت جسپال سے ملتان، ساہیوال، پاکپتن اور عارف والا کے عہدیداران کی ملاقات

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان کے بیان کے رد عمل میں کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جے آئی ٹی وزیر اعلیٰ پنجاب کی مرضی کی بنی ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔ صوبائی وزیر وزیر اعلیٰ کو خوش کرنے کیلئے جھوٹ بول کر اپنی قبر کالی مت کریں، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ سربراہ عوامی تحریک کی وطن واپسی پر ایسا احتجاج کریں گے کہ حکمرانوں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، یہ کہنا جھوٹ ہے کہ ہم صرف‎ KPK کی جے آئی ٹی چاہتے ہیں، حکومت نے کراچی کے ایک ایماندار افسر کا نام بطور سربراہ دیا تھا جس پر ہم نے رضا مندی ظاہر کی تھی اور پھر خود حکومت اپنی کمٹمنٹ سے بھاگ گئی، عوامی تحریک کو صوبہ بھر میں یونین کی سطح تک منظم کرنے کی جدوجہد جاری ہے، آئندہ الیکشن میں پاکستان عوامی تحریک ایک مضبوط اور فعال عوامی قوت کے طور پر ابھرے گی۔ ایسی جے آئی ٹی کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے جس میں شہداء کے لواحقین کی رضا مندی شامل نہ ہو۔ وہ گزشتہ روز صوبائی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک ملتان، ساہیوال، پاکپتن اور عارف والا کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سچ بیان کرنے والے صحافیوں کو ہتھکڑیاں پہنائی جا رہی ہیں اور حق مانگنے والے معذوروں پر لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں، حکمران اپنے فرعونی ہتھکنڈوں سے اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں بلکہ عوام سے سیاست کر رہے ہیں۔ نام نہاد پارلیمنٹ عوام کی خوشحالی اور ملکی استحکام کیلئے قانون سازی کرنے کے بجائے اراکین اسمبلی اور ایلیٹ کلاس کی مراعات بڑھانے میں مصروف ہے۔ قومی وقار اور ملکی مفادات کو ذاتی منفعت اور چند روزہ اقتدار پر قربان کرنے کی روش انتہا پر جا پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منشور کی سیاست کی بجائے وننگ ہارسز کے کلچر کو پروان چڑھا کر حقیقی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور انتخابات کی رسم کو ادا کرنے کا نام سیاست رہ گیا ہے۔ وطن عزیز کی سیاست پر قابض مقتدر جماعتیں قوم کو مسلسل دھوکے دینے اور غیرت و حمیت کا سودا کرنے میں مصروف ہیں۔

بشارت جسپال نے کہا کہ نا اہل سیاستدانوں کی ترجیح قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے، اگر وہ اسی کوشش کا عشر عشیر ملک کو سنوارنے پر خرچ کرتے تو آج ہماری حالت اتنی دگرگوں نہ ہوتی۔ استحصال اور ظالمانہ نظام انتخاب محب و طن و باکردار اور با صلاحیت قیادت کے آگے آنے کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ یہ صرف معاشرے کی 2 فیصد ایلیٹ کو ہی آگے لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک و قوم کی حالت سنوارنے اور حقیقی خوشحالی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔ فکری و ذہنی طور پر اغیار کی غلام قیادت ملکی تقدیر کے بدلنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ تبدیلی عوام نے لانا ہے اور اسکا فیصلہ وہ جلدی کر لیں، بطور قوم ہم پہلے ہی 67 سال ضائع کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم کو ایک بار پھر تحریک پاکستان کے وقت ادا کئے گئے کردار کو دہرانا ہو گا، اور اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایسی اجتماعیت میں شامل ہو جائیں جو ملکی مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top