وزیراعظم نے جے آئی ٹی سربراہ کو پندرہ دن کے اندر فیصلہ سنانے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ خرم نواز گنڈا پور
جے آئی ٹی کے سربراہ نوٹس بازی میں وقت ضائع کرنے کی بجائے پٹیالہ ہاؤس میں لکھا گیا فیصلہ سنا ئیں
ایسی جے آئی ٹی قبول نہیں، جس میں شہدا کے ورثاء کی رضا مندی شامل نہ ہو
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نے جے آئی ٹی کے سربراہ کو پندرہ دن کے اندر فیصلہ سنانے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ اس فیصلہ میں وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ وفاقی و صوبائی وزراء اور پولیس کے اعلیٰ افسران کو بے گنا ہ قرار دیا جائے گا اور پولیس کے چنداہلکاروں کو قربانی کا بکرا بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ نوٹس بازی میں وقت ضائع کرنے کی بجائے پٹیالہ ہاؤس میں لکھا گیا فیصلہ سنائیں اور انعام پائیں۔ پاکستان عوامی تحریک ایسی کسی جے آئی ٹی کو قبول نہیں کرے گی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثاء کی رضا مندی شامل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران جواب دیں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو منظر عام پر کیوں نہیں لایا جا رہا؟ جے آئی ٹی ہمیں نوٹس بھیجنے کی بجائے جوڈیشل کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرے۔ جے آئی ٹی وزیر اعلیٰ کی مرضی سے بنی اس لئے ہم نے اسکا بائیکاٹ کر رکھا ہے ۔
تبصرہ