ڈاکٹر طاہرالقادری کے 14 نکاتی لائحہ عمل پر عمل درآمد سے ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جا سکتا ہے: سہیل رضا

سانحہ پشاور کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے تحت پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری‎
دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، مسیحی قوم سانحہ پشاور کی بھر پور مذمت کرتی ہے
مسیحی برادری نے سانحہ کی وجہ سے کرسمس اور نئے سال کی تقاریب کو انتہائی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے
سکھ برادری پاکستان کی آرمی اور پوری قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے
سہیل احمد رضا، ڈاکٹر جیمز چنن، سردار بشن سنگھ و دیگر کا سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب‎

لاہور (22 دسمبر 2014) انٹرفیتھ ریلیشنز پاکستان عوامی تحریک اور قومی بین المذاہب ہم آہنگی کونسل کے زیراہتمام سانحہ پشاور اور دہشت گردی کے خلاف لاہور مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں مسلم رہنماؤں کے علاوہ کثیر تعداد میں غیر مسلم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ شہدائے پشاور سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء سہیل احمد رضا، مسیحی رہنماء ڈاکٹر جیمز چنن، یوئیل بھٹی، سکھ رہنماء سردار بشن سنگھ، پیر ایس اے جعفری، علامہ اصغر علی چشتی، پروفیسر لیاقت ضیاء و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضانے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے، دہشت گردوں نے پورے پاکستانی قوم کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ اس قومی سانحہ نے پوری قوم کو ملک دشمن اور انسانیت کے دشمنوں کے خلاف متحد کر دیا ہے۔ ظالم دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نہیں بلکہ پاک فوج کے چھوٹے دستے کو شہید کر دیاہے۔

سہیل احمد رضا نے کہا کہ سانحہ پشاور کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے تحت پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دئیے گئے 14 نکات پر مشتمل لائحہ عمل پر عمل درآمد سے ہی ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جا سکتا ہے۔ مسیحی رہنماء فادر جیمز چنن نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، پوری مسیحی قوم سانحہ پشاور کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ نصاب تعلیم میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے تاریخی فتوے کو شامل کیا جائے۔ دہشت گردی کو کچلنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری جو تحقیقی فتویٰ دیا ہے وہ وقت کی اہم ترین ضرورت تھی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری عالم اسلام کی وہ اہم شخصیت ہیں جنہوں نے انتہائی بے باکی سے حق کو بیان کیا ہے اور قوم کو فکری رہنمائی دی ہے، ڈاکٹر جیمز چنن نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دئیے گئے فتوے کا دنیا کی مختلف بڑی زبانوں میں ترجمہ ہونا چاہیے تا کہ دیگر مذاہب کے پیروکار بھی اسلام کے حقیقی پر امن چہرے کو دیکھ سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسیحی برادری نے اس سال قومی سانحہ کی وجہ سے کرسمس اور نئے سال کی تقاریب کو انتہائی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سکھ رہنماء سردار بشن سنگھ نے کہا کہ سکھ برادری پاکستان کی آرمی اور پوری قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاک فوج ملک کی سالمیت کی ضامن ہے، سانحہ پشاور نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے اس عظیم سانحہ میں ملوث تمام مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پاکستان کی سکھ برادری شہداء کے لواحقین سے مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ علامہ اصغر چشتی نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہین انہیں انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔ ساری قوم کو اپنے درمیان موجود ایسے شر پسند عناصر کو بے نقاب کرنا ہو گا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top