دہشت گردوں کو فوری پھانسیاں دی جائیں، پاکستان عوامی تحریک کا مطالبہ‎

انسانیت کے قاتلوں نے قانونی سقم کا فائدہ اٹھایا تو عوام میں غصہ بڑھے گا، سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس
ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈا پور، فیض الرحمان درانی و دیگر رہنماؤں کی شرکت‎

لاہور (22 دسمبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ سزا یافتہ دہشت گردوں کو فوری پھانسیاں د ی جائیں اور انسانیت کے قاتلوں کو کسی قسم کے قانونی سقم کا فائدہ نہ اٹھانے دیا جائے اس سے عوام میں غم و غصہ بڑھے گا اور دہشت گردی کے خاتمہ کے قومی جذبہ کو نقصان پہنچے گا، سنٹرل ورکنگ کونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی استدعا کی کہ وہ دہشت گردوں کو بلا تاخیر پھانسیاں دلوانے کیلئے آئینی و قانونی سطح پر اپنا کر دار ادا کریں۔ حکومت بھی کوئی ذمہ داری نبھائے، سزائیں دینے کے حوالے سے جہاں قانونی سقم آڑے آ رہے ہیں انہیں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے دور کیا جائے۔ حکمران اپنی سہولت کیلئے راتوں رات آرڈیننس جاری کرسکتے ہیں تواس قومی مسئلہ سے نمٹنے کیلئے کوئی عذر رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین، مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، امیر تحریک فیض الرحمان درانی، جی ایم املک، قاضی فیض، ساجد بھٹی، جواد حامد، رانا ادریس، احمد نواز انجم، راضیہ نوید اور شعیب طاہر و دیگر بھی شریک تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ گذشتہ 12 سال میں پہلی بار قوم نے دہشت گردوں اور انکے سر پرستوں کے خلاف ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے 14 نکات دہشت گردی کے خاتمہ کا اکسیر نسخہ اور قومی خدمت ہے۔ عوام اب دہشت گردوں کو جہنم واصل ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت نے کوئی بزدلی اور کمزوری دکھائی تو اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ بے گناہوں کی جانیں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ان درنوں کے کوئی حقوق نہیں، ہماری وکلاء برادری سے بھی درخواست ہے کہ وہ ان وحشی درندوں کو قانونی سپورٹ نہ دیں۔ یہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، اس پاک سرزمین کو ان کے ناپاک وجود سے پاک کرنا ہر شہری کا قومی فرض ہے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سانحہ پشاور سے پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف کھڑا ہونے کا حوصلہ ملا ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاک فوج اپنی تاریخ کا اہم ترین آپریشن کر رہی ہے۔ آپریشن ضرب عضب پاکستان کی بقا کا آپریشن ہے، پوری قوم کو پاک فوج کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہونا ہو گا، اجلاس میں دہشت گردی کی جنگ کے خلاف تاریخی قربانیاں دینے افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، سنٹرل ورکنگ کونسل نے فیصلہ کیا کہ دہشت گردی و انتہا پسندی کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور آگاہی مہم چلائی جائے گی اور پاکستان کے ہر شہری کو دہشت گردی کے خلاف فکری سطح پر مضبوط اور متحرک کیا جائے گا۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top