نولکھا چرچ لاہور میں دعائیہ تقریب، شہدائے پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں
سانحہ پشاور قومی سانحہ ہے، دہشت گردی کے اس واقعہ سے پوری قوم
مغموم ہے
دنیا کے پر امن لوگوں کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عملی کردار ادا
کرنا ہو گا
اسلام مذہبی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کا ضامن ہے، پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی
اقلیتیں محب وطن پاکستانی ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری کی بین المذاہب رواداری کیلئے جدوجہد پوری انسانیت کو دہشت گردی
سے نجات دلائے گی
کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے ڈاکٹر رحیق عباسی، سردار لطیف کھوسہ، کامران مائیکل،
ڈاکٹرمجید ایبل و دیگر کا خطاب
نولکھا پریس بیٹرین چرچ لاہور میں کرسمس کے حوالے سے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسیحی برادری کے علاوہ مسلم سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے بھی شرکت کی، دعائیہ تقریب میں شدائے پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی گئی، تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ، وفاقی وزیر کامران مائیکل، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، ڈاکٹر کنول فیروز، پرویز خان سرویا، سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا، پیر عثمان نوری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ سانحہ پشاور قومی سانحہ ہے، دہشت گردی کے اس واقعہ نے پوری قوم کو مغموم کر رکھاہے، آج پاکستانی مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کی تقاریب کو سادگی سے منانے اور شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرنے پر پوری پاکستانی قوم مسیحی برادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ دنیا کے پر امن لوگوں کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عملی کردار ادا کرنا ہو گا، امن پسندوں کی خاموشی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، دنیا کے تمام مذاہب کے پیروکار امن کے قیام کیلئے اجتماعی اور انفرادی کوششیں کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ دنیا امن کا گہوارہ نہ بن سکے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی تقلید کرتے ہوئے اسلام کا سلامتی، امن اور محبت کا چہری دنیا کو دکھانے پر محنت کرنا ہوگی، ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تسلسل میں سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے، پاکستان عوامی تحریک دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتی ہے، مسیحی برادری پر ڈھائے جانیوالے ظلم و ستم کے واقعات گوجرہ، جوزف کالونی اور کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کا اندوہناک واقعہ بربریت کی انتہا ہے، حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم نواز حکومت میں ہی رونما ہوتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے پوری مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، اسلام مذہبی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کا ضامن ہے، پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتیں محب وطن پاکستانی ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی بین المذاہب رواداری کیلئے جدوجہد پوری انسانیت کو دہشت گردی کے عذاب سے نجات دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
تبصرہ