غریب مچھلی فروش کو خود سوزی پر مجبور کرنے والے کارپوریشن اہلکار گرفتار کئے جائیں: پاکستان عوامی تحریک ہیومن رائٹس ونگ

 کارپوریشن کے اہلکار بھتہ اور مفت خوری کی لت میں مبتلا ہیں، ہیومن رائٹس ونگ پی اے ٹی
 سرکاری محکمے غریب چھابڑی فروشوں پر ظلم بند کر دیں

پاکستان عوامی تحریک ہیومن رائٹس ونگ نے لاہور انار کلی میں مفت مچھلی نہ دینے پر کارپوریشن کے عملہ سے تنگ مچھلی فروش کی خود سوزی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے کے تمام ذیلی ادارے اور عملہ بھتہ اور مفت خوری کی لت میں مبتلا ہے۔ غریب مچھلی فروش کو خود سوزی پر مجبور کرنے والے کارپوریشن کے رشوت خور اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے، سرکاری عملہ بھتہ دینے والوں کو تحفظ اور انکار کرنے والوں کا سامان ضبط کر لیتا ہے جو ایک دہشت گردانہ رویہ ہے۔

گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، ناصر ملک ایڈووکیٹ اور اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ غریب مچھلی فروشوں کو خود سوزی پر مجبور کرنے والے کارپوریشن کے مفت خور عملہ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور تحقیق کی جائے کہ عملہ ایل ڈی اے کے کن افسران کیلئے مفت مچھلی حاصل کرنا ہے۔

وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری محکموں کے مظالم بہت بڑھ چکے ہیں اور غریب آدمی کیلئے عزت کے ساتھ سانس لینا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ پنجاب حکومت ایک طرف بے روزگاری کم کرنے کیلئے اربوں روپے کی ڈھونگ ٹیکسی سکیمیں شروع کرنے کے اعلان کرتی ہے تو دوسری طرف با عزت روزگار کمانے والوں کو اکسایا جاتا ہے کہ وہ خود کشی پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top