محافل میلاد فروغ عشق مصطفی کا مؤثر ترین ذریعہ ہیں۔ روبینہ معین

امن عالم، سیرت الرسول کا سب سے اہم باب ہے۔نادیہ جبار

راولپنڈی: منہاج القرآن ویمن لیگ کی راہنما مسز ظفر چوہدری، روبینہ معین اور نادیہ جبار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو جہاد کا عنوان دے کر دشمن طاقتیں دنیا کو اسلام کی روشن تعلیمات سے دور رکھنا چاہتی ہیں۔ ہمارا رب، رب العالمین اور ہمارے پیغمبر رحمۃ اللعالمین ہیں۔ اسلام کا لفظ سلامتی اور ایمان کا لفظ امن سے نکلا ہے۔ پاکستانی عوام سکون کو ترس رہے ہیں جبکہ امن عالم، سیرت الرسول کا سب سے اہم باب ہے۔ آج 68 برس گزر چکے مگر ہم اپنے ملکی نظام کو ان راہنما اصولوں کے مطابق نہ ڈھال سکے جو ہمارے پیغمبر نے ہمیں عطا کئے تھے۔ شخصیت سے بے انتہا محبت ہی اس کی سیرت کو دل کی گہرائیوں سے اپنانے کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محافل میلاد فروغ عشق مصطفی کا مؤثر ترین ذریعہ ہیں۔ ہر دور اللہ تعالیٰ  کے انعام یافتہ بندے معاشرے کے کلی اور جزوی بگاڑ  کی اصلاح کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن تجدید و احیائے اسلام کی عالمگیر تحریک ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری آج کے پر فتن دور میں فہم دین کا معتبر ترین حوالہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایئر پورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں منعقدہ ایک پروقار محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ بھر سے سینکڑوں خواتین اس روح پرور تقریب میں شریک ہوئیں۔ پشاور سے تشریف لانے والی منہاج نعت کونسل کی خوبصورت نعتوں نے شرکاء پر وجد طاری کر دیا۔ محفل کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top