17 جنوری کے احتجاجی مظاہرے کی تیاریاں مکمل، عوام کی غیر معمولی دلچسپی

لاہور کی ہر یونین کونسل سے عوام اس احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہوں گے
جب تک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا نہیں ملتی احتجاج جاری رہے گا
شہدا کے مقدس خون سے آنے والا انقلاب تاریکی کو اجالے میں بدل دے گا
وقت آ گیا ہے کہ غریب کے چہرے کی زردی اور لٹیروں کے چہرے کی لالی ختم کر دی جائے‎
ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت یابی کے بعد آمد پوری قوم کو نیا حوصلہ دے گی‎
چودھری افضل گجر اور حافظ غلام فرید کا لاہور کے مختلف ٹاؤنز کے عہدیدران سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ 17 جنوری کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین کو انصاف نہ ملنے کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ لاہور کی ہر یونین کونسل سے عوام اس احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہوں گے۔ صدر لاہور نے احتجاج کی تیاریوں کے حوالے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے مختلف مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے جائینگے جن پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔ لاہور کے مختلف ٹاؤنز میں 17 جنوری کے تاریخی احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے کارنر میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے، عوام سے رابطہ مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ 17 جنوری کے ہونے والے احتجاج میں عوام کی دلچسپی غیر معمولی ہے۔ لاہور پریس کلب کے باہر ریاستی دہشت گردوں اور قاتل حکمرانوں کے خلاف بھی بڑے بڑے بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے مختلف ٹاؤنز کے عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں 17 جنوری کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید، سلطان محمود چودھری، عطیہ بنین، حاجی عبد الخالق، الطاف رندھاوا، ڈاکٹر اقبال نو، راجہ ندیم و دیگر بھی موجود تھے۔

عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے ناظم لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ 17 جون کے شہداء ہمارا فخر ہیں اور زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ جب تک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا نہیں ملتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ شہدا کے مقدس خون سے آنے والا انقلاب تاریکی کو اجالے میں بدل دے گا۔ پوری قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ 19 کروڑ عوام کا رزق چند مٹھیوں میں کیوں اور کیسے بند ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ غریب کے چہرے کی زردی اور لٹیروں کے چہرے کی لالی ختم کردی جائے۔ اس کیلئے قوم کو پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جلد صحتیاب ہو کر قوم کے درمیان ہونگے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت یابی کے بعد آمد پوری قوم کو نیا حوصلہ دے گی۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ پرامن تبدیلی کا آپشن ابھی ختم نہیں ہوا۔ 17 جنوری کو ہر کوئی جان لے گا کہ پاکستان کا حقیقی مسیحا کون ہے۔ زندہ دلان لاہور شہدائے ماڈل ٹاؤن کو 17 جنوری کو ایسا خراج تحسین پیش کریں گے کہ چشم فلک یہ نظارہ مدتوں یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے عوام شعور کی آنکھ کھولیں اور اپنا مقدر چند سیاسی خاندانوں کو نہ بیچیں۔ جو قوم ظلم کے خلاف نہیں اٹھتی غلامی اسکا مقدر بنا دی جاتی ہے۔ 17 جنوری کو عوام قاتل حکمرانوں کے خلاف شد و مد سے آواز اٹھائیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ہمیشہ کرپٹ سیاستدانوں کے ڈرامے اور حقائق جرات کے ساتھ قوم کے سامنے لائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top