پی ایس او کا دیوالیہ نکالنے والے حکمران اب پاور سیکٹر کے پیچھے پڑ گئے
حکومت بجلی کے بند یونٹس کو سالانہ 1.2 ارب ادا کر رہی ہے:عوامی
تحریک کا انکشاف
صارفین بجلی سے اڑھائی روپے فی یونٹ اضافی وصول کیے جارہے ہیں، وزارت پانی و بجلی سے
5سوال
تکنیکی نقصانات کی مد میں خزانے کو سالانہ 380 ارب کا نقصان پہنچایا جارہا ہے ’’انکشاف
رپورٹ‘‘
لاہور (21 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک نے انکشاف کیا ہے کہ پیپکو اور وزارت پانی و بجلی کی ملی بھگت سے تکنیکی نقصانات، فرنس آئل کی خریداری اور ترسیل کی مد میں قومی خزانے کو سالانہ 380 ارب روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے اور بجلی پیدا کرنے والے ان یونٹس کو بھی سالانہ 1.2 ارب روپے کی ادائیگی ہو رہی ہے جنہوں نے آج تک ایک یونٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی، پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا سیل سے جاری ’’ انکشاف رپورٹ‘‘ کے مطابق صارفین بجلی سے 2روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافی رقم وصول کر کے بجلی کے بند یونٹس کے مالکان کو ادا کی جارہی ہے، مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور میڈیا ایڈوائزرپاکستان عوامی تحریک کی سربراہی میں جاری کی جانے والی رپورٹ میں وزارت پانی و بجلی سے 5سوالات کا جواب مانگا گیا ہے۔
- بجلی کے بند یونٹس کو کس معاہدے کے تحت سالانہ 1.2 ارب روپے کی ادائیگیاں ہورہی ہیں، اس ضمن میں اگر کوئی معاہدہ ہے تو اس کی تفصیل سامنے لائی جائے
- بجلی پیدا کرنے والے جو یونٹ بند پڑے ہیں ان کی تعداد کتنی ہے ؟ اور ان کے مالکان کون ہیں اور 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باوجود ان کے بند رکھنے کی وجوہات کیا ہیں؟
- فرنس آئل کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کی وجہ سے بجلی کی فی یونٹ کی پیداواری لاگت 20روپے 30پیسے سے کم ہو کر 14روپے یونٹ ہو گئی ہے، اس کا شرح سے صارفین بجلی کو ریلیف کیوں نہیں ملا؟
- فرنس آئل کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کے باوجود بجلی کے بند یونٹ کیوں نہیں چلائے جارہے؟عوام اور انڈسٹری کو 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے دو چار کیوں رکھا گیا ہے؟
- پاور کمپنیاں بالترتیب 170ارب، 110ارب اور 60 ارب کے جو مبینہ سالانہ تکنیکی نقصانات برداشت کرنے کا واویلہ کرتی ہیں قوم کو اس کی تفصیل بتائی جائے کہ نقصان کس مد میں ہورہا ہے اور عوام اس کے کس طرح ذمہ دار ہیں؟ کیونکہ حکومت گردشی قرضوں کی ادائیگی کی آڑ میں بجلی مہنگی کرتی ہے اور پاور کمپنیوں کو یہ ادائیگیاں کرنے میں خاص دلچسپی لیتی ہے لیکن آج تک ان گردشی قرضوں کی اصل حقیقت کے بارے میں قوم کو آگاہ نہیں کیا گیا؟۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوام کو صرف اپنا گاہک سمجھتے ہیں اور انہیں لوٹ رہے ہیں جو محکمے عوام کو ریلیف دینے کیلئے قائم کیے گئے تھے وہ عوام اور خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہیں، پی ایس او کا دیوالیہ نکالنے کے بعد حکمران پاور سیکٹر کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ سابق حکومت کی کرپشن کا واویلہ کر کے اقتدار میں آنے والے حکمران اقتدار کے پہلے سال ہی سابق حکمرانوں سے دو ہاتھ آگے نکل چکے ہیں، بحران پیدا کر کے من پسند اداروں اور شخصیات کو ادائیگیاں کرنے کی نایاب سکیم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ذہن رسا کی تخلیق ہے، وزراء دیدہ دلیری کے ساتھ نااہلی اور ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں مگر مستعفی ہونے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عوام کو حکومتی مظالم اور لوٹ مار سے آگاہ کرتی رہے گی اور مفاد عامہ میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
تبصرہ