دھرنے کے اختتام کے بعد عوامی تحریک کی تنظیمی و سیاسی قوت بڑھی: ترجمان عوامی تحریک

امریکہ سمیت یورپ کے 8 شہروں میں تنظیم سازی مکمل، پاکستان بھر میں جاری ہے‎
منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں میں طلباء کی تعداد 1 لاکھ 26 ہزار سے بڑھ گئی

لاہور (22 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھرنے سے پاکستان عوامی تحریک کی مقبولیت بڑھی اور اندرون و بیرون ملک پاکستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے ممبر شپ حاصل کی ہے اور پاکستان کے ہر ضلع میں تنظیم سازی کا عمل جاری ہے، دھرنے کے بعد سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے امریکہ کے تین شہروں میں ورکرز کنونشنز سے خطاب کیا۔ امریکہ، برطانیہ، یورپ سمیت دنیا کے 30 ممالک میں پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی مکمل ہو چکی ہے دیگر ممالک میں تنظیم سازی جاری ہے۔ اس وقت بھی عوامی تحریک اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھرنے کے اختتام پر فیصل آباد، لاہور، ایبٹ آباد، بھکر میں کامیاب جلسے و دھرنے ہوئے جن میں لاکھوں کی تعداد میں شریک عوام نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ احتجاجی جلسوں کا سلسلہ سربراہ عوامی تحریک کی علالت کے باعث عارضی طور پر ملتوی ہوا ان کی وطن واپسی پر یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو گا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ تاثر گمراہ کن ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کا مورال پہلے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی ادارے، کالجز، یونیورسٹی میں طلباء کے داخلہ کی شرح گزشتہ سال کی نسبت بڑھی ہے۔ منہاج یونیورسٹی (چارٹرڈ) منہاج ویمن کالج، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے سینکڑوں تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طالب علموں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 26 ہزار ہوچکی ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت طلباء کی تعداد میں 6 ہزارسے زائد کا اضافہ ہوا، 40 فیصد طلباء مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ منہاج یونیورسٹی میں 6 فیکلٹی تھیں جو رواں سال بڑھ کر 9 ہو گئیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں پر طلباء اور والدین کا اعتماد بڑھا ہے۔ حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کو شہید کیا جن میں طلباء بھی شامل تھے۔ حکومت نے وحشیانہ فائرنگ اور بہیمانہ تشدد کے ذریعے طلباء و طالبات کو خوفزدہ اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی سازش کی مگر پنجاب حکومت اپنے اس دہشت گردانہ اقدام میں کامیاب نہ ہو سکی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی تنظیمی سرگرمیاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ دھرنے کے اختتام کے بعد پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف ملک کے 60 شہروں میں ریلیاں نکالیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے جوش و جذبہ سے شرکت کی۔ اسی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر بھی بھرپور احتجاج اور تنظیم نو کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جو حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف الیکٹرانک و پرنٹ میڈیاپر انتہائی موثر آواز اٹھارہی ہے اور حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top