تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ المبارک کو یوم عظمت مصطفی (ص) کے طور پر منایا جائے گا

علمائے کرام مساجد میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطابات کریں گے، پر امن احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی‎
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس مذموم فعل کو روکنے کیلئے عالمی رہنماؤں کو خط بھی لکھے ہیں
سوشل میڈیا کیلئے عالمی سطح پر متفقہ ضابطہ اخلاق میں توہین آمیز مواد کی اشاعت کو کلیتاً ممنوع قرار دیا جائے
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنیوالوں نے دہشت گردوں کے ایجنٹ کا کردار ادا کیا‎
انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور یو این او اس اقدام پر فوری ایکشن لیں، علامہ سید فرحت حسین شاہ
منہاج القرآن علما کونسل کی ایگزیکٹو کے اہم اجلاس میں خطاب‎

لاہور (22 جنوری 2015) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ المبارک کو یوم عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر منایا جائے گا۔ علمائے کرام مساجد میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطابات کریں گے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کے خلاف کی جانیوالی ناپاک جسارت کی شدید مذمت کی جائے گی۔ نماز جمعہ کے بعد تمام مساجد سے پر امن احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ریلی میں شریک افراد اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام پڑھ کر دنیا کو ان سے وفا داری و محبت کا بھر پور پیغام دیں گے۔ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے امن عالم اور انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں۔ جمہوریت اور انسانی حقوق کا واویلا کرنے والے آزادری رائے کی چھتری تلے ناپاک جسارتوں کا عمل جاری رکھ کر دنیا کو تصادم کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء کونسل کی ایگزیکٹو کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ میر آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ امداد اللہ خان، علامہ محمد لطیف مدنی، علامہ ممتاز صدیقی، علامہ عبد الحمید سیالوی و دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہاکہ ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقدیس پر حملہ پوری انسایت پر حملہ ہے۔ امت مسلمہ و دیگر ملکوں کے حکمران مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کریں اور ایسے شر پسند عناصر کے خلاف فوری طور پر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب میں پیغمبروں اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت قطعاً نہیں۔ ضروری ہے کہ تمام مذاہب کے پیروکار اس مذموم عمل کے خلاف مشترکہ آواز اٹھائیں اس ناپاک عمل سے ساری امت مسلمہ کا دل دکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کیلئے بھی عالمی سطح پر متفقہ ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے جس میں کسی بھی مذہب کے خلاف توہین آمیز مواد کی اشاعت کو کلیتاً ممنوع قرار دیا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس مذموم فعل کو روکنے کیلئے عالمی رہنماؤں کو خط بھی لکھے ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنیوالوں نے دہشت گردوں کے ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کے خلاف گستاخی کر کے انہوں نے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top