فرانس میں گستاخان رسول کی مذموم جسارت نے عالم اسلام کے دل چھلنی کر دیے۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی

پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، عالم اسلام کا خون کھول رہاہے
ابتاع سنت سے آفات، حادثات اور سانحات سے چھٹکارا حاصل کیا جائے
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات نے کرہ ارض کو رواداری، مروت اور احترام کا پیغام دیا
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

لاہور (23 جنوری 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وجود پاک کی برکت سے عالم ارض و سماء کو وجود بخشا گیا۔ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وجہ سے کائنات میں رنگینیاں بکھیری گئی ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل انسانیت کا سر فخر سے بلند ہوا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک سنتوں پر عمل پیرا ہو کر آفات، حادثات، سانحات اور مصائب و آلام سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات نے کرہ ارض کو رواداری، مروت اور احترام کا پیغام دیا اور اقوام عالم میں بھائی چارے کے ماحول کو پروان چڑھایا۔ دنیا کے دیگر مذاہب کے ساتھ مسلمانوں کے باہمی تعلقات اور پر امن روابط کی ایسی مثالیں قائم کیں جس کی نظیر نہ تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قبل تاریخ میں کہیں نظر آتی ہے اور نہ آج تک کوئی اور ریفارمر ایسی ممکنہ اور مجوزہ تھیوری پیش کر سکا ہے۔ فرانس میں گستاخان رسول کی مذموم جسارت نے عالم اسلام کے دل چھلنی کر دیے ہیں۔ اس مذموم عمل سے امت مسلمہ رنجیدہ اور یاس کی کیفیت سے دو چار ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ یہ ایک غیر انسانی اور جنونی اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے عالم اسلام کا خون کھول رہا ہے۔ اگر ایسے سانحات پر قابو نہ پایا گیا اور اسکا فوری تدارک نہ ہوا تو دنیا ہولناک خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔ انتہا پسندی میں شدت آئے گی اور بین المذاہب ٹکراؤ  کا خطرہ بڑھے گا، اس لئے آنے والے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی برادری کو اس اہم اور حساس مسئلہ کی طرف سنجیدگی سے توجہ دینا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top