پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر جمعۃ المبارک کو یوم عظمت مصطفی (ص) کے طور پر منایا گیا

علماء کرام نے مساجد میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے خطابات سے کئے
لاہور میں کوٹ لکھپت سے چونگی امرسدھو تک عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی میں سینکڑوں افراد کی شرکت
کراچی، راولپنڈی، بھکر، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلیاں اور سیمینار
حکومت ڈاکٹر طاہرالقادری کے عالمی رہنماؤں کو لکھے گئے مراسلے سے رہنمائی لے کر اس حوالے سے کردار ادا  کرے
یوم عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی جانب سے 5 نکاتی اعلامیہ بھی پیش کیا گیا

لاہور (23 جنوری 2015) تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ المبارک کو یوم عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر منایا گیا۔ علماء کرام نے مساجد میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے خطابات کیے۔ توہین آمیز خاکوں کے خلاف تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر ملک کے تمام اضلاع میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور، پنڈی، بھکر، سرگودھا سمیت دیگر شہروں میں نماز جمعہ کے بعد نکالی گئی احتجاجی ریلیوں میں جوانوں، بزرگوں اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ لاہور میں منہاج القرآن علماء کونسل کے تحت کوٹ لکھپت سے چونگی امرسدھو تک یوم عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی کی قیادت منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کی جبکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین کے علاوہ سینکڑوں کارکنان بھی ریلی میں شریک تھے۔

ریلی کوٹ لکھپت سے فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی چونگی امرسدھو میں جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عالمی اداروں، یو این او اور موثر ممالک سے اس مذموم عمل کو مستقل ختم کرنے کیلئے پہلے سے موجود قوانین پر عملدرآمد اور یو این کی قراردادوں میں ترامیم کے مطالبے درج تھے، ریلی میں امت مسلمہ کے حکمرانوں اور او آئی سی کی بے حسی کی بھی پرزور مذمت کی گئی۔ ریلی میں شریک افراد غلام ہیں، غلام ہیں رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلام ہیں، سیدی مرشدی یا نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور غلامی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں موت بھی قبول ہے کے نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ عالمی امن کو قائم کرنے کیلئے جن اداروں کی بنیاد رکھی گئی تھی ایسے بین الاقوامی اور حساس ایشوز پر ان کی مبینہ خاموشی ان کے دہرے معیار کا پتہ دینے کے ساتھ ساتھ ان کے دستور اور قوانین پر سوالیہ نشان بھی ہے۔ بار ہا اہل اسلام کی دل آزاری کی ناپاک مہم چلائی گئی، قوموں کے بنیادی حقوق کے لیے چیخنے، چلانے والے سب گروہ، ساری تنظیمیں، جماعتیں اور این جی اوز اس سارے منظر نامے سے کیوں غائب ہیں اور کہاں ہیں؟ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اور عالم اسلام کا خون کھول رہا ہے، اگر ایسے سانحات پر فوری قابو نہ پایا گیا اور اس کا تدارک نہ کیا گیا تو دنیا ہولناک خطرات سے دو چار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے عالمی رہنماؤں کو اس حساس مسئلے پر لکھے گئے خط سے رہنمائی لیتے ہوئے عالمی برادری کو اس اہم اور حساس مسئلے کی سنجیدگی سے آگاہ کرے۔

علامہ سید فرحت حسین شاہ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی جانب سے 5 نکاتی اعلامیہ بھی پیش کیا۔

  1. فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
  2. ایسے واقعات مختلف مذاہب کے پرامن پیروکاروں کو آپس میں لڑانے اور عالمی امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔
  3. عالمی اداروں، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور موثر ممالک سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر فوری قانون سازی کی جائے۔
  4. جملہ مذاہب کے بانیوں کی بے حرمتی کو عالمی سطح پر جرم قرار دیا جائے، حکومت پاکستان ڈاکٹر طاہر القادری کے عالمی رہنماؤں کو لکھے گئے مراسلے سے رہنمائی لے کر اس حوالے سے کردار ادا کرے۔
  5. حکومت فرانس سمیت جملہ اقوام عالم سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس مذموم عمل میں ملوث افراد پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور دہشت گردی کا مقدمہ قائم کریں تاکہ آئندہ کسی شدت پسند کو ایسے مذموم اقدام کی جرات نہ ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top