آٹا مہنگا ہوا تو غربت اور خودکشیاں بڑھیں گی: عوامی تحریک

وزیراعلیٰ میٹروبس کی طرح سستے آٹے کیلئے رکھی گئی رقم بھی جاری کریں
50 فیصد آبادی بھوک کا شکار، پنجاب حکومت ترجیحات درست کرے، رہنما

لاہور (23 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ حیرت ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس میٹرو بس کو دینے کیلئے 15 ارب روپے سالانہ کی سبسڈی ہے لیکن صوبہ کے 50 فیصد انتہائی غریب خاندانوں کو سستا آٹا اور روٹی دینے کیلئے پیسے نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ آٹے، روٹی کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے سبسڈی کی رقم جاری کریں جو نہیں دی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال فلور ملز کو سستی گندم دینے کیلئے سبسڈی کی مد میں بجٹ میں 15 ارب روپے مختص کیے تھے مگر تاحال اس مد میں 25 فیصد رقم بھی جاری نہیں کی گئی جس کی وجہ سے پہلے سے ہی 100 ارب روپے کی مقروض محکمہ خوراک کیلئے نا صرف فلور ملز کو سستی گندم دینا ناممکن ہو جائیگا بلکہ آئندہ سال گندم خریداری مہم بھی مشکلات کا شکار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو پیشگی خبردار کر رہے ہیں اگر پنجاب حکومت نے فوری طور پر گندم پر مختص سبسڈی کی رقم جاری نہ کی تو آٹا اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا جس کا غریب کسی طور متحمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 50 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے رہ رہی ہے اور 50 فیصد آبادی پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھا سکتی، اگر آٹے اور روٹی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تو غربت، بھوک میں اضافہ ہو گا اور پھر خودکشیوں اور جرائم میں اضافہ بھی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سٹیل کی پلوں، سڑکوں اور پر تعیش غیر ضروری منصوبوں پر قومی خزانہ لٹانے کی بجائے غریب آدمی کو اپنی ترجیح بنائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top