حکومت پاکستان گستاخانہ خاکے کیخلاف فوری طور پر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرے۔ سید ہدایت رسول قادری

فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک انبیاء کرام کی توہین کو جرم قرار دلوانے کیلئے اقوام متحدہ سے قانون سازی کا مطالبہ کریں اور اگر اقوام متحدہ قانون سازی سے انکار کرے تو تمام اسلامی ممالک احتجاجاً اقوام متحدہ کی رکنیت چھوڑ دیں۔ حکومت پاکستان گستاخانہ خاکے کے خلاف فوری طور پر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں ’’عظمت مصطفی‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب انبیاء کرام، الہامی کتب اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا لہذا ایسے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی ناپاک جسارت کرنے والے تمام لوگوں کو عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن سے کھیلنے والے ملعونوں سے عالمی قوانین کے مطابق نبٹا جائے۔ مسلمان ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کی تکریم کو اپنا ایمان سمجھتے ہیں اور دوسروں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ مقدس ہستیوں کے احترام کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں کو متحد ہو کر اجتماعی فیصلے کرنا ہونگے۔ محض بیانات دینے کے بجائے احترام مذاہب اور ناموس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحفظ کیلئے قومی پالیسی وضع کی جائے۔ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر پوری دنیا کو افسوس کرنا چاہیے بالخصوص اہل کتاب کیلئے یہ واقعہ انتہائی شرمندگی اور ندامت کا باعث ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح فیصل آباد کی مساجد میں علامہ عارف صدیقی نوری جامع مسجد گلفشاں کالونی، علامہ اختر حسین اسد جامع مسجد غوثیہ آرے والی دستگیر پورہ، علامہ عزیز الحسن اعوان جامع مسجد قادریہ منصور آباد، علامہ غلام مرتضیٰ جامع مسجد انوار قباء کلیم شہید کالونی، علامہ فیض الرسول جامع مسجد نور چک نمبر 54 ج ب، علامہ جعفر حسین گجر جامع مسجد اولیاء رڈہ ٹالی، علامہ قاضی عبدالرؤف جامع مسجد بلال چک نمبر 53 ج ب، علامہ ڈاکٹر غلام مصطفی طاہر جامع مسجد گلزار مدینہ چک نمبر 109 گ ب، علامہ خان محمد جامع مسجد حافظ عبداللہ گروسر اور علامہ حافظ عبدالقیوم نے جامع مسجد شمس آباد میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top