توہین آمیز خاکے شائع کرنے والوں نے انسانیت کے خلاف جرم کیا۔ غلام فرید‎

مغرب آزادی اظہار کے نام پر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے بنیادی حقوق کو روند رہا ہے، ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

لاہور (28 جنوری 2015) تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا کہ توہین آمیز خاکے شائع کرنے والوں نے انسانیت کے خلاف جرم کیا، جب تک اقوام متحدہ مقدس ہستیوں کی توہین کو جرم قرار دینے کا قانون نہیں بنائے گی عالم اسلام احتجاج کرتا رہے گا اور تہذیبوں کے تصادم کو روکنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری کر کے آزادی اظہار کے قانون کا غلط استعمال کیا گیا۔ مغرب دنیا کے 57 اسلامی ممالک کے بنیادی حقوق کو کب تک روندتا رہے گا۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے خط کے ذریعے عالمی سربراہوں سے آزادی اظہار کی نئی تعریف کئے جانے کے حوالے سے درست مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ اور یورپی ممالک کی منتخب جمہوری حکومتیں اس خط کا سنجیدگی سے مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے مذکورہ خط کا مطالعہ کرے اور مدلل انداز میں اس اہم ترین معاملے پر سفارتی کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغرب چاہتا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھڑ جائے تو اسے آزادی اظہار کے نام پر دہشت گردانہ اقدامات کا راستہ بھی روکنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سلطان محمود چودھری، ثناء اللہ، میاں افتخار، حاجی اسحاق و دیگر بھی موجود تھے۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے اختتام پر ملکی امن و سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے اور شہدائے پشاور و ماڈل ٹاؤن کیلئے دعا بھی کی گئی۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top