سپین: پروفیسر حسن میر قادری یورپ میں 11 سال تک تحریکی خدمات سرانجام دینے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

انہوں نے ناروے، اٹلی، ڈنمارک اور فرانس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مراکز پر فرائض نبھائے

سپین( نوید احمد اندلسی) منہاج یورپین کونسل کے سابق امیر پروفیسر حسن میر قادری یورپین ممالک میں تقریباً 11 سال تک تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے مختلف ذمہ داریاں سرانجام دینے کے بعد گذشتہ دنوں فیملی سمیت پاکستان منتقل ہو گئے ہیں، انہوں نے 2004 سے 2014 تک مختلف ادوار میں بطور ڈائریکٹر منہاج القرآن اوسلو (ناروے)، منہاج القرآن پیرس (فرانس) اور منہاج القرآن اٹلی کے علاوہ مختصر عرصہ کے لئے منہاج القرآن کوپن ہیگن (ڈنمارک) میں بھی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ بے پناہ تحریکی و انتظامی صلاحیتوں کی بدولت سال 2007 میں قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے انہیں منہاج یورپین کونسل کا امیر مقرر کیا گیا یہ ذمہ داری جنوری 2015 تک ان کے پاس رہی۔ اس دوران وہ یورپ بھر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیمات اور کارکنان کو تحریکی راہنمائی فراہم کرتے رہے۔ انہیں تحریکی کارکنان میں مشن اور قائد کے پیغام کی روح پھونکنے کا ملکہ حاصل تھا جس کے باعث وہ دنیا بھر میں اور خصوصی طور پریورپ میں منہاج القرآن سے وابستہ نوجوانوں میں بے حد مقبول تھے۔

پاکستان میں سیاسی جدوجہد کے آغاز کے بعد انہوں نے پاکستان منتقلی کا فیصلہ خود کیا اور گزشتہ برس ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات کے دوران اپنی خدمات پاکستان میں پیش کرنے کے متعلق خواہش کا اظہار کیا، قیادت کی طرف سے ان کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ پروفیسر حسن میر قادری اپنی فیملی کے ہمراہ انقلاب مارچ دھرنا میں بھی شریک رہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ علامہ پروفیسر حسن میر قادری کا تعلق شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اولین شاگردوں میں سے ہے، انہوں نے1991 میں جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن (منہاج یونیورسٹی) سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد تجدید و احیائے دین اور اقامت اسلام کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن اور تحریک منہاج القرآن کے مشن کی ترویج کے لئے تسلسل کے ساتھ شب و روزکام کیا، یورپ آمد سے قبل وہ آزاد کشمیر اور گجرات سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں تحریکی، تعلیمی اور انتظامی حوالوں سے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے، منہاج یونیورسٹی میں بطور پروفیسر بھی ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہے۔ انہوں نے کچھ عرصہ ساؤتھ افریقہ میں بھی تحریک منہاج القرآن کی ذمہ داری نبھائی اور 1993 میں دورہ ساؤتھ افریقہ کے موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے دوران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top