پاکستان عوامی تحریک 3 سے 9 فروری کے درمیان ہفتہ بین المذاہب رواداری منائے گی

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام اور دیگر مذاہب کے مابین مباہلہ کی بجائے مکالمہ کی بنیاد رکھی، سہیل احمد رضا
توہین آمیز خاکوں کی اشاعت جیسے غیر انسانی رویوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دھانے پر کھڑا کردیا ہے‎
پاکستان عوامی تحریک انٹر فیتھ ریلیشنز کے تعاون سے نولکھا پریس بیٹرین چرچ میں ’’احترام مذاہب سیمینار‘‘ منعقد ہو گا
سیمینار میں گستاخانہ خاکوں کے مذموم عمل کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد بھی منظور کی جائے گی

لاہور (02 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک 3 سے 9 فروری کے درمیان ہفتہ بین المذاہب رواداری منائے گی۔ مختلف مذاہب سے مل کر سیمینارز، پر امن واک اور دعائیہ تقریب کے ذریعے امن ہم آہنگی اور برداشت کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ انتظامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک انٹر فیتھ ریلیشنز کے تعاون سے 4 فروری بروز بدھ سہ پہر 3 بجے نولکھا پریس بیٹرین چرچ میں ’’احترام مذاہب سیمینار‘‘ منعقد ہو گا۔ بین المذاہب ہم آہنگی، احترام انسانیت اور رواداری کے فروغ کیلئے احترام مذاہب سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں مختلف مذاہب کے اہم رہنما اور مخلتف سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کے قائدین و نمائندے شرکت کریں گے۔ سیمینار میں گستاخانہ خاکوں کے مذموم عمل کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔ مختلف مذاہب کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کی جائے گی۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام اور دیگر مذاہب کے مابین مباہلہ کی بجائے مکالمہ کی بنیاد رکھی، انہوں نے کہا کہ بین المذاہب رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کی جتنی آج ضرورت ہے ماضی میں کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت جیسے غیر انسانی رویوں نے پوری دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دھانے پر کھڑا کر رکھا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top