امام بارگاہوں کو ٹارگٹ کر کے ملک میں فرقہ وارنہ آگ لگانے کی سازش ہو رہی ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

راولپنڈی دھماکہ کی مذمت، شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے راولپنڈی امام بارگاہ میں ہونیوالے دھماکے اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد حکمران قومی ایکشن پلان کو نافذ کرنے میں سنجیدہ ہی نہیں ورنہ قوم ہر روز اپنے کندھوں پر اپنے پیاروں کے جنازے نہ اٹھاتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے ساتھ امام بارگاہوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ملک میں فرقہ واریت کی آگ لگانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران اور دہشت گرد پاکستان کی بقاء کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے واقعہ کے فوری بعد پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنان کو امدادی سرگرمیوں اور خون کے عطیات دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ دہشت گرد اہم شہروں میں کارروائیوں کر کے جعلی حفاظتی اقدامات کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ نام نہاد جمہوری حکومت ملک اور عوام کی حفاظت کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور نے دہشت گردی کی یکے بعد دیگرے وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا نہیں مل سکتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top