مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام سیمنیار ’’یوم یکجہتی کشمیر اور اس کے تقاضے‘‘
پاکستان عوامی تحریک کے طلبہ ونگ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام مورخہ 5 فروری 2015ء کو یوم کشمیر کے حوالے سیمنیار بعنوان ’’یوم یکجہتی کشمیر اور اس کے تقاضے‘‘ کا انعقاد مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں کیا گیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ انصاف پر یقین رکھنے والی حقیقی عوامی حکومت ہی مسئلہ کشمیر کے حل میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اعتراف حقیقت کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، پرائیویٹ جہاد نے بہت سے مسائل کو جنم دیا ہے، مسئلہ کشمیر کا سردخانے کی نذر ہونا پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر اظہار یکجہتی کرنے نہیں ن لیگ کی تنظیم سازی کرنے گئے اور وہاں بھی سڑک بنانے کا اعلان کرآئے، شریف برادران کے نزدیک ہر قومی مسئلے کا حل موٹروے اور میٹرو بسیں ہیں۔ سیمینار سے مرکزی صدر عرفان یوسف، پروفیسرسعید اسد، عبد العمار منعم، حیدر ارشد، ڈاکٹر مختار اعظمی، حنیف سندھیلہ نے بھی خطاب کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے ہمسایہ والے تعلقات قائم کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر فقط احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں یا ریلیوں سے حل نہیں ہو گا، بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط قانونی موقف اٹھانے سے حل ہو گا اس کیلئے ایک ایماندار اور حقیقی عوامی قیادت اور حکومت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت یکطرفہ دوستی کا ہاتھ جھٹکتا ہے تو حکمرانوں کو مسئلہ کشمیر یاد آجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنازعات کے حل اور پاکستان کا مقدمہ جاندار طریقے سے لڑنے کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری سے بہتر کوئی لیڈر موجود نہیں۔
ڈاکٹر سعید اسد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 1957 سے لے کر آج تک حکومت پاکستان کے ایجنڈے پر نہیں آیا اور نہ ہی اسے اقوام متحدہ میں اٹھایا گیا، کشمیر بیانات اور باتوں سے آزاد نہیں ہو گا کشمیریوں سے پوچھا جائے وہ کیا چاہتے ہیں، اس وقت کشمیر تین حصوں میں تقسیم ہے اسے اکٹھا کرنا ہوگا۔
مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے ہر بچے، جوان، بوڑھے کے خون میں دوڑتا ہے اور حکمرانوں کی بے حسی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
اس موقع پر پاسبان کے چیئرمین مصطفی رشید نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے موجودہ کرپٹ حکومت کو رخصت کرنا ضروری ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اسے آزاد کروا کر دم لیں گے۔
سیمنار سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب طاہر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہا ہے، بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کو سنجیدگی سے اپنا علاقائی و بین الاقوامی کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیمینار کے شرکاء نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ’’کشمیر بنے گا مصطفوی‘‘ ’’لے کے رہیں گے آزادی‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
تبصرہ