پوری قوم کو اپنے حق کیلئے نابینا افراد کی طرح سڑکوں پر نکلنا ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 02 مارچ 2015ء

حکومت نے الیکٹرانک میڈیا کے خوف سے خاموشی اختیار کی ورنہ نابیناؤں کا ڈنڈوں سے استقبال کرتے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
حکمران صرف دھرنے کی زبان سمجھتے ہیں، یوتھ ونگ کا نابینا افراد کے حق میں پنجاب اسمبلی کے باہر مظاہرہ
خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں اظہار یکجہتی کیلئے جانے والے وفد کو اسمبلی احاطہ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

لاہور (2 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکمران صرف احتجاج اور دھرنے کی زبان سمجھتے ہیں، پوری قوم کو اپنے آئینی حقوق کیلئے نابینا افراد کی طرح سڑکوں پر نکلنا ہو گا، انہوں نے نابینا افراد کے جائز مطالبات مسلسل لٹکانے کے حکومتی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عقل کے اندھے حکمران نابینا افراد سے نہ جانے کس بات کا بدلہ لے رہے ہیں، اراکین کی تنخواہوں میں 100فیصد اضافے کا فیصلہ ہو تو ہنگامی کمیٹیاں 3 روز میں فیصلہ سنا دیتی ہیں مگر مجبوروں، مزدوروں کے بنیادی حقوق کے معاملات کو مہینوں اور سالوں لٹکایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے خوف سے اس بار حکمرانوں نے دل پر پتھر رکھ کر نابینا افراد پر ڈنڈے نہیں برسائے۔

نابینا افراد نے جب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے مدد کی اپیل کی تو انہوں نے ٹیلیفون پر رہنماؤں کو فوراً اظہار یکجہتی کیلئے اسمبلی جانے کی ہدایت کی مگر عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی قیادت میں جانے والے وفد کو پنجاب اسمبلی کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیاجس پر یوتھ ونگ کے مرکزی صدر شعیب طاہر، مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ مرکزی صدر عرفان یوسف نے کارکنان کے ہمراہ پنجاب حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور نابینا افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے نام پر پنجاب کے نام نہاد ترجمانوں نے نابینا افراد کو یرغمال بنایا، میڈیا کی توہین کی جو اسمبلی احاطہ کے اندر تھے انہیں باہر نہیں آنے دیا گیا جو باہر تھے انہیں اندر نہیں جانے دیا گیا۔ یہ اسمبلیاں تو بحث مباحثہ کا کلب بھی نہیں یہاں بیٹھنے والے اگر عوام کی بات کرتے تو عوام لا تعداد مسائل اور تکلیفوں کا شکار نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نابینا افراد کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور حکومت نے جو وعدے کیے ہیں اس پر نظر رکھیں گے اور اگر ان پر عمل نہ ہوا تو ہم ان سپیشل افراد کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج کیلئے نکلیں گے اور قانونی چارہ جوئی کرنے پڑی تو وکلاء کی مشاورت سے وہ بھی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں ایسا بے رحم اور بے حس وزیراعلیٰ نہیں دیکھا جو اپنے شہریوں سے جھوٹے وعدے کر کے اور ان کو اذیت میں مبتلا رکھ کر خوشی محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نابینا افراد پیار اور ہمدردی کے مستحق ہیں مگر ظالم اور بے رحم حکمران ان مجبوروں کے ساتھ بھی یزیدوں والا سلوک کررہے ہیں، ہر بار وعدوں کا لالی پاپ دیکر ٹرخا دیتے ہیں۔ پنجاب کے موجودہ حکمران 7سال سے دکھی انسانیت کا تمسخر اڑارہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top