قائد پاکستان عوامی تحریک بہت جلد صحت یاب ہوکر عوام کے درمیان ہوں گے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 02 مارچ 2015ء

سینیٹ الیکشن ڈھونگ ہیں، اس سے عوام کے مسائل نہیں، سیاسی بازیگروں کے کاروبار چمکیں گے
کارکن حوصلے بلند رکھیں، غیر آئینی اور غیر جمہوری حکمرانوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی

اسلام آباد (02 مارچ 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک ختم نہیں ہوئی، غیر آئینی اور غیر جمہوری حکمرانوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی، کارکن حوصلے بلند رکھیں، کامیابی آپ کے مقدر میں لکھی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن ڈھونگ ہیں، ان سے عوام کے مسائل تو حل نہیں ہوں گے، مگر سیاسی بازی گروں کا کاروبار ضرور عروج پر پہنچے گا۔ سینیٹ کے الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ حکومت کی سرپرستی میں ہورہی ہے، الیکشن کے نام اک ڈرامہ ہورہا ہے جس پر کروڑوں، اربوں کی بندر بانٹ جمہوریت کے نام پر سیاہ دھبہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین کو انصاف دلوانے اور شہداء کے خون کا بدلہ انصاف کی صورت میں کیسے لینا ہے، جس کے لئے عنقریب نئی حکمت عملی کااعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز فیڈرل ایریا اسلام آباد کے تنظیمی اجلاس کے موقع پرعہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر عوامی تحریک فیڈرل ایریا اشتیاق میر ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل رضوان مغل، ناظم تحریک راجہ منیراعجاز، صدر ویمن لیگ مسرت سلطانہ، علامہ ڈاکٹر شیر سیالوی، راجہ تاثیر، راشد ظہیر کیانی، حاجی امین، مرزاخورشید، محمد اورنگزیب، قاری شمشاد، شیخ اقبال، خالد عباسی، راجہ ذوالفقار، ڈاکٹر وقار، سردار پھل نصیب، سید عالم باچہ و دیگرعہدیداران و کارکنان موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارکن حوصلے بلند رکھیں، قائد پاکستان عوامی تحریک بہت جلد صحت یاب ہوکر ان کے درمیان ہوں گے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ پاک فوج کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد اور جوانوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں، ان شاءاللہ فتح حق اور سچ کی ہوگی، جب تک دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والے حکمرانوں کے اقتدار کاخاتمہ نہیں کیاجاتا اس وقت تک دہشت گردی کا کلیتاً خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام تیار ہو جائیں، عوامی تحریک غریبوں کے حقوق، دہشت گردی و فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے عملی طور پر میدان عمل میں آچکی ہے اور ہر محاذ پر کرپٹ حکمرانوں کامقابلہ کر کے عوام کے تعاون کے ساتھ ان کو شکست دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top