مشکوک مینڈیٹ والی اسمبلیاں پوری قوم کا استحقاق مجروح کررہی ہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 04 مارچ 2015ء

حکمرانوں کا اصل چہرہ دکھانے پر رؤف کلاسرا کے خلاف تحریک استحقاق جمع ہوئی
سینیٹ الیکشن میں بدترین خرید و فروخت ہوئی، مرکزی صدر عوامی تحریک‎

لاہور (4 مارچ 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ مشکوک مینڈیٹ والی اسمبلیاں پوری قوم کا استحقاق مجروح کررہی ہیں، حکمرانوں کا اصل چہرہ دکھانے اور عوام دشمن اقدامات کا بھانڈا پھوڑنے پر سینئر صحافی رؤف کلاسرا کے خلاف پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے کہنے پر تحریک استحقاق جمع ہوئی اور پھر ایجنڈے کی کارروائی کا حصہ بنی۔ انہوں نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت ہوئی کسی نے کہا یہ ہارس ٹریڈنگ ہے کسی نے کہا یہ گدھا ٹریڈنگ ہے، خود حکمران جماعت نے جو خرید و فروخت کی سیاست کی بانی ہے نے خرید و فروخت روکنے کیلئے 22 ویں ترمیم لانے کا ڈرامہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی حکومتی رکن اسمبلی نے عوام کے استحصال، لوٹ مار، چور بازاری پر حکومتی اداروں کے خلاف تحریک استحقاق جمع نہیں کروائی۔ ایک سچے، دلیر اور محب وطن پاکستانی صحافی کے خلاف تحریک استحقاق جمع کروا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی اسمبلی میں ن لیگ کے ہی دور حکومت میں صحافیوں اور سینئر اینکرز کے خلاف ن لیگ کے وزیر قانون پنجاب نے قرارداد منظور کروائی تھی جو بعدازاں صحافی و سول سوسائٹی کے شدید احتجاج پر واپس لینا پڑی تھی ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں سے آزادی اظہار کا گلہ نہیں دبا سکے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top