سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پنجاب حکومت ’’پرائیویٹ پارٹی‘‘ کو بطور ڈھال استعمال کر رہی ہے: ترجمان ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 09 مارچ 2015ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل انصاف کے راستے میں کب تک دیوار بنے رہیں گے؟ قاتلوں کو کوئی ریلیف نہیں ملنا چاہیے‎
سرکاری معلومات تک رسائی کا بنیادی حق حقوق کی ماں ہے، عدالت تحفظ یقینی بنائے، وکلاء عوامی تحریک‎

لاہور (9 مارچ 2015) سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قائم جوڈیشل کمیشن رپورٹ کی کاپی حاصل کرنا آئین کے آرٹیکل 19‎A کے تحت ہمارا بنیادی حق ہے، پنجاب حکومت رپورٹ شائع کرنے سے بچنے کیلئے ایک ’’پرائیویٹ پارٹی‘‘ کو بطور ڈھال استعمال کر رہی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہ سرکاری معلومات تک رسائی کے بنیادی حق کا تحفظ یقینی بنائے یہ حق بنیادی حقوق کی ماں ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء نے سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کرنے کے حوالے سے رٹ پٹیشن کی سماعت کے بعد عدالت کے احاطہ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ وکلاء کا پینل علی ظفر ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، محمد ناصر اقبال ایڈووکیٹ، سردار غضنفر، امتیاز چودھری، آصف سلہریا، محبوب چودھری، فواد اختر ایڈووکیٹ پر مشتمل تھا۔ علی ظفر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ وہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کرنے کے حوالے سے اپنا حکم سنائے، کمیشن کی آئینی حیثیت کے بارے میں بعد میں بھی بات ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے اختیار کو کوئی چیلنج نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ 11 مارچ کو جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی کاپی حاصل کرنے کے حوالے سے عوامی تحریک کے وکلاء قانونی دلائل دینگے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ترجمان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، عدالت آئین کے کسٹوڈین کی حیثیت سے اس حق کا تحفظ یقینی بنائے، شہداء کے قاتلوں کو کوئی ریلیف نہیں ملنا چاہیے، پوری قوم کی نظر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا ملنے پر اٹکی ہوئی ہے۔ عدالتیں ظالم حکومتوں کی بربریت کے خلاف اللہ کے بعد عوام کی آخری امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ ایک پرائیویٹ پارٹی کو اپنی ڈھال بنا لیا ہے۔ پنجاب کے درندہ صفت حکمران کب تک انصاف کے راستے کی دیوار بنیں رہیں گے۔ بالآخر انہیں شہداء کے خون کے بدلے میں خون دینا پڑے گا۔ انصاف کے راستے کی رکاوٹ بننے والے ہر شخص کا منہ اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی کالا ہو گا۔ پنجاب کے منی لانڈرز حکمرانوں نے ہر آئینی و قانونی فورم کو اکھاڑا بنا رکھا ہے، وہ اپنی دولت سے ہر چیز خرید سکتے ہیں لیکن 14 شہداء اور 85 زخمیوں کے خون کے ایک قطرے کی بھی قیمت ادا نہیں کر سکتے۔

ترجمان نے کہا کہ اس لوٹ کھسوٹ اور جنگل کے نظام میں ایک انکوائری رپورٹ کی کاپی حاصل کرنے کیلئے جوئے شیر لانے کے عمل سے گزرنا پڑ رہا ہے، ابھی انصاف کا عمل تو شروع بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن قاتلوں کے کیفر کردار تک پہنچنے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔ بالآخر قاتلوں کی گردنیں پھانسی کے پھندوں تک پہنچیں گی۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top