اب چینی صدر کے دورے کے التوا اور ناقابل تلافی نقصان کے ذمہ دار کون ہیں: خرم نواز گنڈا پور‎

وفاقی وزراء واویلہ کرتے تھے کہ دھرنے کے باعث چین کے صدر دورہ نہیں کر پا رہے‎
دھاندلی پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے تک موجودہ حکومت کی حیثیت ملزم والی ہے
عوامی تحریک کے ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب

لاہور (04 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ چین کے صدر کے دورہ کے التوا اور اسکے نتیجے میں پاکستان کو معاشی اعتبار سے پہنچنے والے ’’ناقابل تلافی نقصان‘‘ کے ذمہ دار اب کون ہیں؟ اور اس دورے کے موخر ہونے کے نتیجے میں جو ناقابل تلافی نقصان ہوا اسکا ازالہ کیسے ہو گا۔ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے کے دوران حکومتی ترجمان بالخصوص پرویز رشید نے واویلہ کیا تھا کہ دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر پاکستان کا دورہ نہیں کر پا رہے اور دورے میں تاخیر کے باعث پاکستان کو معاشی اعتبار سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید میڈیا پر آ کر قوم کو جواب دیں کہ اب اس ’’ناقابل تلافی نقصان‘‘ کا ذمہ دار کون ہے ؟ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ حکمران اپنے ذاتی سیاسی ایجنڈے کیلئے ہمسایہ ممالک اور بین الاقوامی اور سفارتی آداب کی پرواہ نہیں کرتے اور قومی مفاد کو اپنی ذات پر قربان کرنے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کرتے۔

خرم نواز گنڈاپور نے دھاندلی کی چھان بین کیلئے آرڈیننس کے اجراء اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے 45 دن کے اندر یہ فیصلہ سنانا ہے آیا کہ موجودہ حکومت کو ملنے والا مینڈیٹ اصلی ہے یا نقلی۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کے قطع نظر 45 دن کیلئے موجودہ حکومت کی کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت نہیں اور نہ ہی 45 دن تک موجودہ حکومت کو قومی و بین الاقوامی امور پر کوئی پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔ جب تک جوڈیشل کمیشن اپنا فیصلہ نہیں سنا دیتا موجودہ حکومت کی حیثیت ایک ملزم جیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی دلچسپ ہے کہ ن لیگ کی صوبائی حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی قانونی حیثیت کو متنازع بنا رہی ہے اور اس حوالے سے ہائیکورٹ میں زیر سماعت رٹ پٹیشن سے متعلقہ سرکاری نوٹیفیکشن جمع نہیں کروا رہی اور دوسری طرف جوڈیشل کمیشن قائم کر کے دھاندلی کی تحقیقات کروا رہی ہے۔ موجودہ حکمرانوں کے ہر عمل اور بیان میں تضاد ہی تضاد ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top