ظلم اور استحصال کے نظام کو بدلنے تک پاکستان خوشحالی کی پٹڑی پر نہیں چڑھے گا: ڈاکٹر حسن محی الدین القادری

ڈاکٹر طاہرالقادری نے وطن عزیز کو کرپٹ لیڈر شپ سے نجات دلانے کیلئے مضبوط بنیاد رکھ دی
موجودہ حکمرانوں کے دور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ کوٹ رادھا کشن، سانحہ یوحنا آباد، سانحہ سیالکوٹ رونما ہوئے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’امن کانفرنس‘‘ سے مقررین کا خطاب‎

لاہور (04 اپریل 2015) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’امن کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ سٹیٹس کو کی طاقتیں پڑھے لکھے نوجوانوں کو قومی و سیاسی کردار ادا کرنے سے روک رہی ہیں۔ سیاست بچانے والے ہر بار اقتدار میں اور ریاست بچانے والے جیلیں اور مقدمات بھگت رہے ہیں۔ ظلم اور استحصال کے اس نظام کو بدلنے تک پاکستان خوشحالی کی پٹڑی پر نہیں چڑھے گا۔ سیمینار سے سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، مرکزی صدر ایم ایس ایم عرفان یوسف، فرخ حبیب، مدثر حیدر، ارون کمار، عقیل آصف، رضی طاہر اور عمران ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔

عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی فکر رکھنے والے نوجوانوں نے نظام بدلنے کیلئے جانی و مالی قربانیاں دے کر ثابت کر دیا کہ ریاستی ظلم اور تشدد انہیں حق گوئی اور جدوجہد سے نہیں روک سکتا۔

میاں عمران مسعود نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے فکری تربیت پانے والے نوجوانوں نے ظلم اور استحصال کے خاتمہ اور حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انقلاب مارچ میں جرات، بہادری کی قابل فخر داستانیں رقم کیں۔ ماڈل ٹاؤن اور اسلام آباد میں دی جانیوالی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے وطن عزیز کو کرپٹ لیڈر شپ کے شکنجے سے نجات دلانے کیلئے مضبوط بنیاد رکھ دی۔ انقلاب آ کر رہے گا کیونکہ معاشرہ میں ظلم بڑھ گیا ہے۔

انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر فرخ حبیب نے کہا کہ ایماندار قیادت کو مل کر نظام بدلنا ہے۔ ظلم کے خاتمہ اور کرپٹ لیڈر شپ کے شکنجے سے ملک کو آزاد کروانے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کی سوچ اور جدوجہد ایک ہے۔

ارون کمار نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلائے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کیلئے رحمت اللعالمین بن کر آئے، انکی تعلیمات میں تشدد نہیں تھا۔

امامیہ سٹوڈنٹس کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ہم داعش، القاعدہ اور تحریک طالبان کے نظریات کو باطل سمجھتے ہوئے مسترد کرتے ہیں اور پاک فوج کی دہشت گردی کے خاتمہ کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔

صدر ینگ لائرز عمران ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے دور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ کوٹ رادھا کشن، سانحہ یوحنا آباد، سانحہ سیالکوٹ رونما ہوئے۔ موجودہ حکمرانوں اور نظام کے ہوتے ہوئے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نظام بدلنے کی جدوجہد کو تیز تر کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top