فتح ملی تو نمائندگی کا حق ادا کردوں گا: غلام ربانی

ایسے شخص کو ووٹ دیں جو پوری جرات سے آپ کے مسائل پر بات کرسکے، ملک افضل
بالٹی پر مہر لگا کر لوٹ مار کی سیاست کے خلاف ہمارا ساتھ دیں، سلطان نعیم کیانی

راولپنڈی () پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار برائے چکلالہ کینٹ بورڈ وارڈ نمبر 7 غلام ربانی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ستر دن کے تاریخ ساز دھرنے کا نتیجہ ہے کہ آج عدالتیں اور حکمران مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانے پر مجبور ہوئے۔ سترہ سال سے انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے کنٹونمنٹ کی سول آبادی مسائل کا گڑھ بن چکی ہے۔ گلیوں میں کچہرے کے ڈھیر، تعفن، گندی نالیوں سے گزرتے پانی کے پائپ، بجلی کی لٹکتی تاریں، طبی سہولتوں کی عدم دستیابی جیسے مسائل کی وجہ سے یہاں کے رہائشی انتہائی پریشان ہیں۔ فتح ملی تو نمائندگی کا حق ادا کردوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز طارق آباد میں ایک پرہجوم کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستا ن عوامی تحریک کے ڈپٹی ڈویژنل کوآرڈینٹر ملک افضل اور ضلعی صدر سلطان نعیم کیانی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں کہ ان کی جماعتوں نے ہمیشہ بلدیاتی انتخابات جیسے جمہوری فریضے سے اغماض برتا۔ ایسے شخص کو منتخب کریں جو کنٹونمنٹ بورڈ کے کسی بڑے افسر سے مرعوب ہونے کی بجائے پوری جرات سے آپ کے مسائل پر بات کرسکے۔ ضرورت پڑنے پر وہ آپ کو میسر ہو۔ ہر شخص کا ماضی اس کے مستقبل کا بہترین گواہ ہوتا ہے۔ بالٹی کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر لوٹ مار کی سیاست کے خلاف ہمارا ساتھ دیں۔ معززین علاقہ عبدالحمید، شفیق احمد، مشتاق نقشبندی اور حسان احمد نے اپنے عزیز و اقارب سمیت غلام ربانی کو ووٹ دینے کا اعلان کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top